کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء: بنگلہ دیش کی افغانستان کے خلاف شاندار فتح

کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ ء

میچ نمبر۳: اتوار ۷ ؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء

بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان

بمقام: دھرم شالا، ہماچل پردیش

بنگلہ دیش نے یک طرفہ مقابلہ کے بعد افغانستان کوچھ وکٹ سے شکست دے دی۔مہدی حسن میراز(Mehidy Hasan Miraz)تین وکٹیں اور۵۷ رنز بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔

۱۵۷رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے ابتدائی بلے بازTanzid Hasan اور Litton Kumar Das ۲۷ کے مجموعی سکور پرپویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعدMehidy Hasan Miraz اور Najmul Hossain Shanto نے ۹۷ رنز کی شراکت قائم کی۔ مہدی حسن میراز۷۳گیندوں پر ۵ چوکوں کی مدد سے ۵۳ رنز بنا کر اور کپتان ثاقب الحسن ۱۴ رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ نوجوان کھلاڑی نجم الحسن شانتو کے ۵۹ ناٹ آؤٹ رنز کی بدولت بنگلہ دیش نے مقررہ ہدف ۴ وکٹوں کے نقصان پر34.4 اوورز میں پورا کرلیا۔

مقامی وقت کے مطابق آج صبح ساڑھے دس بجے دھرم شالا کے خوبصورت میدان پر ۲۰درجہ سینٹی گریڈ کے خوشگوارموسم میں کرکٹ ورلڈ کپ کے تیسرے روز کے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش کے کپتان ثاقب الحسن(Shakib Al-Hasan) نے ٹاس جیت کرتوقع کے عین مطابق پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو افغان ٹیم کے اوپنرز نے پراعتماد آغاز تو فراہم کیا لیکن نویں اوور کی دوسری گیند پر بنگالی کیپٹن نے ۴۷ کے مجموعی سکورپرIbrahim Zadran کا شکار کیا۔افغان بلے بازپہلے ۱۵ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر۸۳ رنزبنانے میں کامیاب ہوئے جوکہ اچھی شروعات کہی جا سکتی ہیں۔ لیکن اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اوراگلے 22.2اوورز میں ۷۳ رنز کا اضافہ کرکے پوری ٹیم ۱۵۶ کے معمولی مجموعہ پرڈھیرہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے بائیں ہاتھ سے اسپن باؤلنگ کرنے والے Shakib Al-Hassan نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳۰ رنز کے عوض ۳ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یوں ثاقب الحسن افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ کے تین میچز میں ۱۰ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔مہدی حسن میراز(Mehidy Hasan Miraz) نے ۲۵ رنز دے کرتین اورشریف الاسلام(Shoriful Islam)نے ۳۴ رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ افغانستان کی طرف سے اوپنر بلے باز Rahmanullah Gurbazنے سب سے زیادہ ۴۷ رنز بنائے۔

اہم ریکارڈز

٭…۶؍اگست ۲۰۰۶ء کو اپنے ون ڈے کیرئیر کا آغاز کرنے والے بنگلہ دیش کے نامور آل راؤنڈر Shakib Al-Hasan اس ورلڈ کپ میں واحد باؤلر ہیں جو اپنے کیرئیر میں ۳۰۰ سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

٭…بنگلہ دیش کے Shakib Al-Hasan اورMushfiqur Rahim ایسے دو تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو اپنا پانچواں ورلڈکپ کھیل رہے ہیں۔سب سے زیادہ چھ چھ ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز پاکستان کے جاوید میاندادا(Javed Miandad) اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر(Sachin Tendulkar) کو حاصل ہے۔

٭…ورلڈ کپ کرکٹ میں ۲۰۱۵ء سے آج تک افغانستان کی یہ مسلسل تیرھویں شکست تھی۔ زمبابوے کی ٹیم ۱۹۸۳ء سے ۱۹۹۲ء تک مسلسل ۱۸ میچز ہاری تھی جبکہ سکاٹ لینڈکو ۱۹۹۹ء سے ۲۰۱۵ء تک لگاتار۱۴ میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مختصر سکورز

افغانستان 156/10 (36.2 اوورز): رحمان اللہ گرباز47، ابراہیم زادران 22، عظمت اللہ عمرزئی 22۔ مہدی حسن میراز 3/25، ثاقب الحسن 3/30، شریف الاسلام 2/34

بنگلہ دیش158/4 (34.4 اوورز): نجم الحسین شانتو59*،مہدی حسن میراز57۔عظمت اللہ عمرزئی1/9، فضل حق فاروقی1/19

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button