افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کی نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا (The Gambia)کو مورخہ ۱۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار نیشنل مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علی ذٰلک

مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے صبح دس بج کر پندرہ منٹ پر ہوا۔ پہلے اجلاس کی صدارت مکرم محمد ظہیر احمد صاحب مربی سلسلہ و مینیجر احمدیہ مسلم پریس گیمبیا نے کی۔ تلاوت کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم الیو تراولے نے خدام کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد معتمد صاحب نے شوریٰ و انتخاب کے قواعد پڑھ کر سنائے۔ بعد از قواعد مکرم صدر اجلاس نے آئندہ دو سال کے لیے نیشنل صدر مجلس خدام الاحمدیہ کا انتخاب کروایا۔ اس کے ساتھ ہی پہلے اجلاس کی کارروائی مکمل ہوئی۔

دوسرا اجلاس گیارہ بجے صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ معتمد صاحب نے گذشتہ سال کی مجلس شوریٰ کی کارروائی پڑھ کر سنائی اور دوران سال منظور شدہ تجاویز پر عمل درآمدکی رپورٹ پیش کی۔اس کے بعد مہتمم مال نے پچھلے سال کی کارکردگی اور پھر اگلے سال کا متوقع بجٹ پیش کیا اور اس پر سیر حاصل بحث کے بعد اس کو اراکین شوریٰ نے حضور انور کی خدمت میں منظوری کے لیے بھجوانے پر اتفاق کیا۔

بعدازاں تمام ریجنل قائدین؍نمائندگان نے اپنے ریجن کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ پھر معتمد صاحب نے نیشنل مجلس کی کارکردگی پر سالانہ رپورٹ پیش کی۔

آخر پر صدرصاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے کہا کہ وہ اس سال مجلس انصار اللہ کا حصہ بننے جارہے ہیں اس طرح خدام الاحمدیہ میں یہ ان کا آخری سال ہے۔ انہوں نے نیشنل مجلس عاملہ، تمام قائدین اور اراکین شوریٰ کا شکریہ ادا کیا۔

صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور دعا کے بعد اجتماعی گروپ فوٹو ہوئی۔ بعد از دعا نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔ مجلس شوریٰ میں کل ۴۱؍ خدام شامل ہوئے۔

(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button