یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ ہالینڈ کے چالیسویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ ہالینڈ کو اپنا چالیسواں سالانہ اجتماع مورخہ ٩ اور١٠؍ستمبر کو فیئر ہاؤتن نزد ننسپیت میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

پروگرام کاآغاز ساڑھے دس بجے صدر لجنہ اماء اللہ ہالینڈ محترمہ عطیہ اسلم صاحبہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت، لجنہ اور ناصرات کے عہد اور نظم کے بعد صدر صاحبہ نے چند افتتاحی کلمات میں ذکر کی مجالس، صحبت صالحین اختیار کرنے اور اجتماعات میں شمولیت کی اہمیت بیان کی۔ دعا کے بعد تعلیمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں مقابلہ حسن قراءت، اردو اور ڈچ تقاریر، اردواور ڈچ پریزنٹیشن، نظم اور قصیدہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں ہالینڈ کے چاروں ریجنز کے اجتماعات سے اول اور دوم آنے والی ممبرات نے حصّہ لیا۔ امسال لجنہ اور ناصرات کی کارکردگی پر مشتمل جائزہ رپورٹس ویڈیو اور پریزنٹیشن کی صورت میں پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ شعبہ امور طالبات کے تحت طالبات کے لیے خصوصی طور پر سیشن رکھا گیا جس میں پاکستان سے آنے والی بچیوں کے لیے یہاں کے تعلیمی نظام کومتعارف کرایا گیا۔ نیز اس بارے میں بھی طالبات کو آگاہی دی گئی کہ آپ تعلیم اور جماعت کے ساتھ اپنے تعلق کو کیسے متوازن رکھ سکتی ہیں۔ دوران اجتماع AMWSA (احمدیہ مسلم ومن سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن) کی صدر کے انتخاب کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

شعبہ صحت جسمانی کے تحت ایک ہیلتھ سیمینار کابھی انعقاد کیا گیا جس میں خود شناسی اور شخصیت میں نکھار کے موضوع پرپروگرام پیش کیا گیا۔ وقفہ کے دوران مختلف شعبہ جات کے تحت سٹالز لگائے گئے جن میں شعبہ رشتہ ناطہ، ہالینڈ مسجد فنڈ، وصیت اور کتابوں کے سٹالز شامل تھے۔ حضرت خلیفۃ المسیح کو خط لکھنے کی سہولت مہیا کی گئی تھی جس سے۴۲؍ ممبرات نے فائدہ اٹھایا۔

شعبہ صنعت و دستکاری کے تحت ایک نمائش میں لجنہ اماءاللہ کی تاریخ کو خوبصورت طریق پر ڈچ اور اُردو دونوں زبانوں میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ شعبہ کے تحت مختلف مقابلہ جات بھی رکھے گئے جن میں سلائی، کڑھائی، بُنائی، خطاطی، پینٹنگ، لجنہ اماءللہ کے چندہ سے تعمیر ہونے والی مساجد کے ماڈل اور قادیان کے مقدس مقامات کی تصاویر بنانے کے مقابلے شامل تھے۔ اس سال بزنس ویمن آف دی ایئر کا ایوارڈ دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا جس کے تحت محترمہ عظمیٰ قیصر صاحبہ اس ایوارڈ کی حقدار قرار دی گئیں۔

لجنہ کے تعلیمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ دوسری جانب ناصرات الاحمدیہ کی اجتماع گاہ کو خوبصورت بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ ناصرات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، نظم، قصیدہ، اردو اور ڈچ تقاریر، پریزنٹیشنز اور مقالہ لکھنا کے مقابلہ جات شامل تھے۔ جبکہ پانچ بنیادی اخلاق پر مشتمل کوئز پروگرام بھی کروایا گیا۔ صنعت و دستکاری کے تحت بھی مختلف مقابلہ جات میں ناصرات نے حصّہ لیا۔ سات سال سے کم عمر بچے اور بچیوں کو بھی موقع دیا گیا کہ وہ کچھ سنائیں جس پر انہیں چاکلیٹس دی گئیں۔ پندرہ سالہ ناصرات نے آب رسانی کی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے انجام دی۔

اجتماع کے آخری اجلاس میں نیشنل صدر صاحبہ نے مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والی لجنہ اور ناصرات میں انعامات اور سندات تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ پہلے پانچ پاروں کے لفظی ترجمہ کے امتحان میں کامیاب ہونے والی، سپیشل تعلیمی نصاب میں حصّہ لینے اور سکول، کالج اور یونیورسٹی کی کامیاب طالبات کو بھی تعلیمی اسناد دی گئیں۔ نیز ہالینڈ مسجد فنڈکے تحت دیے گئے ٹارگٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے والی مجالس کو بھی اسناد دیں۔ بعدازاں اختتامی کلمات میں نیشنل صدر صاحبہ نے قرآن، احادیث اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں حسن عمل کے ذریعے قربانی کے اعلیٰ معیاراپنانے، ترجمۃ القرآن سیکھنے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے اور ملک کی زبان سیکھنے کی طرف ممبرات کو خصوصی توجہ دلائی۔ نیز تمام حاضرات اور کارکنات کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع بخیر و خوبی کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علی ذالک

اجتماع کی افتتاحی اور آخری تقریب کا ڈچ ترجمہ ہیڈفون کے ذریعے سنانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔اجتماع کے موقع پر پہلے دن کی حاضری اللہ کے فضل سے ۴۵۴؍ تھی جس میں ۳۲۴؍ لجنہ ممبرات، ۷۹؍ناصرات، ۴۵؍ بچے اور چھ مہمان خواتین شامل تھیں۔ دوسرے دن کی حاضری ۳۸۶ رہی جس میں ۲۶۵ لجنہ ممبرات، ۷۶؍ناصرات، ۴۰؍ بچے اور پانچ مہمان خواتین شامل تھیں۔ الحمدللہ

(رپورٹ: شمیم مظہر۔ نائب صدر و نیشنل سیکرٹری تعلیم۔ لجنہ اماءاللہ ہالینڈ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button