جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے 37؍ ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب اور بابرکت انعقاد

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

پہلا دِن

(نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ )جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کا 37؍واں جلسہ سالانہ مورخہ 20تا 22ستمبر 2019ء بروز جمعہ تا اتوار مسجد نور ویگولٹینگن (Wigoltingen)میں منعقد ہوا۔

پہلے دِ ن جلسہ سالانہ کا آغاز سہ پہر ساڑھے چار بجے پرچم کشائی سے ہوا۔ جو مکرم طارق ولید تار نُتسر صاحب نیشنل امیرسوئٹزرلینڈاور مکرم عرفان احمد ٹھاکر صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے کی۔

افتتاحی اجلاس

پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے پہلے اور افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میںتلاوتِ قرآنِ کریم مع ترجمہ سے ہوا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم اور منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعد صدرِ مجلس نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکاجلسہ سالانہ کے موقع پر سوئس جماعت کے نام پیغام جو کہ انگریزی میں تھا پڑھ کر سُنایا۔ حضورِ انور کے پیغام کا اُردو ترجمہ مکرم محمد احمد راشد صاحب مبلغِ سلسلہ جرمنی جبکہ جرمن ترجمہ مکرم نیشنل امیر صاحب سوئٹزرلینڈ نے پیش کیا۔

(اس پیغام کے اردو مفہوم کے لیے صفحہ نمبر 17 ملاحظہ فرمائیں۔ )

اس کے بعدپروگرام کے مطابق دیگر مقررین کی تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا ۔پہلے مقرر مکرم وفا محمد صاحب مربیٔ سلسلہ سوئٹزرلینڈ نے ‘‘جماعت کے ساتھ خدائی تائیدات’’ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔
دوسرے مقرر مکرم شاہد اقبال صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے ‘‘ اَلۡکَاسِبُ حَبِیۡبُ اللّٰہ۔’’کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔

جرمن اور اُردو رواں ترجمہ سے استفادہ کے لیے شاملینِ جلسہ کو FMریڈیو سیٹس کی سہولت دی گئی تھی۔
شام چھ بج کر پانچ منٹ پر ضروری اعلانات کے بعدجلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

دوسرا دِن

دوسرے روز مورخہ 21؍ستمبر بروز ہفتہ جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغازصبح ساڑھے دس بجے مکرم سعید عارف صاحب مربیٔ سلسلہ جرمنی کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔
تلاوتِ قرآنِ کریم اور اردو نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے ‘‘اسلامی پردہ اور اُس کی اہمیت’’ پر اُردو زبان میں کی۔

اُن کے بعد مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب مربیٔ سلسلہ جرمنی نے ‘‘نماز اطمینانِ قلب کا ذریعہ ’’کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔

اُن کی تقریر کے بعد مکرم زاہد احمد بٹ صاحب نیشنل سیکرٹری اُمورِ خارجہ نے مہمانوں کے لیے جماعت کا مختصر تعارف جرمن زبان میں پیش کیا ۔

پھر مکرم عطا ء الحق صاحب نے ‘‘اسلام ذریعہ خوف یا اطمینان’’ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی ۔

اِس تقریر کے بعد مکرم ڈاکٹر شمیم احمد قاضی صاحب چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزرلینڈ نے سلائیڈز کی مدد سے سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر ممالک میں تنظیم کی خدمات کا تذکرہ انگریزی زبان میں پیش کیا۔

ان کے بعد مکرم زاہد احمد بٹ صاحب نیشنل سیکرٹری اُمورِ خارجہ نے ایک معزز مہمان کا تعارف کروایا جو کہ ایک چرچ کی تنظیم کے عہدیدار ہیں اور انہیں خطاب کی دعوت دی۔

معزز مہمان کے مختصر خطاب کے بعد جرمن زبان بولنے والے احباب کے لیے سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔

مکرم نیشنل امیر صاحب اور مکرم سعید عارف صاحب مربیٔ سلسلہ جرمنی نے احباب کے سوالات کے جوابات دیے۔

اجلاس کے اختتام سے قبل مکرم وفا محمد صاحب مربیٔ سلسلہ سوئٹزرلینڈ نے ضروری اعلانات کیے۔جن میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی ہدایت کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران وفات پا جانے والے چار احبابِ جماعت کے اسماء بغرض دعائے مغفرت پڑھ کر سُنائے گئے جوکہ یہ ہیں۔ مکرم سعید احمد کاہلوں صاحب مرحوم جماعت حلقہ ناصر زیورخ، مکرم حمید انور بیگ صاحب مرحوم جماعت لوگانو، مکرم شفیق احمد بُھٹہ صاحب مرحوم آف سولوتھو رن جماعت بیرن، مکرم نصیر احمدصاحب مرحوم جماعت لوزرن۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے ساتھ مغفرت کا سلوک فرمائے،جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے اور تمام پسماندگان و لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے۔ آمین۔

تیسرا اجلاس

جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز بوقت تین بجے سہ پہر مکرم رحمت اللہ بندیشہ صاحب پروفیسر جامعہ احمدیہ جرمنی کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم اور نظم کے بعد مکرم عبدا لوہاب طیّب صاحب مر بیٔ سلسلہ سوئس نے ‘‘ صحابہ کرا م ؓ کا عشقِ رسول ﷺ’’ کے موضوع پر تقریر کی۔

اِس تقریر کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصیدہ میں سے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے گئے۔

قصیدے کے بعد لندن سے تشریف لائے مکرم طاہر مہدی وڑائچ صاحب مینیجر الفضل انٹرنیشنل لندن نے اخبارالفضل کی اہمیّت و ضرورت اور اُس کی ایک سال سے زائد عرصے پر محیط تاریخ کے نشیب و فراز کا مختصر تذکرہ کیا اور اسی ضمن میں انہوں نے پاکستان میں اپنے پر ہونے والے راہِ مولیٰ میں مظالم،مقدمات اور اسیری کے احوال مختصرًا بیان کیے۔

تاریخ ِالفضل کے بعد مکرم سعید عارف صاحب مر بیٔ سلسلہ جرمنی نے ‘‘خلافت اُمّت کے اتحاد کی ضمانت’’کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔

اس تقریر کے بعد اُردو اور جرمن سوال و جواب کی نشست شروع ہوئی۔مکرم محمد احمد راشد صاحب مر بیٔ سلسلہ جرمنی،مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب مر بیٔ سلسلہ جرمنی اور مکرم سعید عارف صاحب مر بیٔ سلسلہ جرمنی نے احباب کے سوالات کے جوابات دیے۔

شام چھے بجے ضروری اعلانات کے بعد تیسرے اجلاس کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔
تیسرا دِن

چوتھا اجلاس

تیسرے روز مورخہ 22؍ستمبر بروز اتوار جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ کے چوتھے اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے مکرم لئیق احمد عاطف صاحب مبلغِ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم اور منظوم کلام حضرت مسیح موعودؑکے بعد مکرم طلحہ ولید تارنُتسر صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نو نے ‘‘ہر طرف آواز دینا ہے ہمارا کام آج’’کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی ۔

اس کے بعد مکرم رحمت اللہ بندیشہ صاحب مربیٔ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے ‘‘لین دین کے آداب قرآنِ کریم کی روشنی میں ’’ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی ۔

بارہ بجے کے قریب مکرم محمد احمد راشد صاحب مربیٔ سلسلہ نے ‘‘بہشتی زندگی’’کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی ۔

ساڑھے بارہ بجے مکرم نیشنل امیر صاحب نے ‘‘سیرت حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام’’ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی ۔

اطلاعات و اعلانات کے بعد چوتھے اجلاس کی کارروائی اختتام کو پہنچی۔

دوپہر کے کھانے کے بعد بوقت دو بجے محترم نیشنل امیر صاحب ،محترم مبلغ انچارج صاحب،مقامی و مہمان مبلغینِ سلسلہ ،محترم افسر صاحب جلسہ سالانہ اور اُن کی تمام ٹیم کے متعددگروپ فوٹوز ہوئے۔
نمازِ ظہر و عصر کے بعد مکرم شفیق احمد بھٹہ صاحب مرحوم کی نمازِ جنازہ غائب بھی ادا کی گئی۔

اختتامی اجلاس

جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ کے پانچویں اور اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغازسہ پہر تین بجے مکرم نیشنل امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔

تلاوت قرآنِ کریم اور منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعد سوا تین بجے مکرم امیرصاحب نے جرمن زبان میں اختتامی تقریر کا آغاز کیا ۔اُن کی تقریر کا اُردو ترجمہ مکرم عبدالوہاب طیّب صاحب مبلغِ سلسلہ نے سٹیج پر کھڑے ہو کر ساتھ ساتھ ہی کیا۔

مکرم امیر صاحب کی تقریر کے آخری حصہ میں جلسہ سالانہ کے موقع پر حضورِ انور کا سوئٹزرلینڈ جماعت کے نا م بھیجے گئے انگریزی پیغام کو دوسری دفعہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ حضورِ انورکے انگریزی پیغام کا اُردو ترجمہ مبلغِ سلسلہ جرمنی مکرم محمد احمدراشد صاحب جبکہ جرمن ترجمہ محترم نیشنل امیر صاحب نے خود ہی پڑھا۔

اس سال جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والے خوش نصیب احباب کی تعداد 695 تھی جن میں4سوئس اور 6ایشین مہمان بھی شامل ہیں۔

تین بج کر پچاس منٹ پر اختتامی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ 2019ء اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابیوں کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔الحمد للہ

(صبا ح الدین بٹ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button