جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ سویڈن ۲۰۲۳ء

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

٭…جلسہ سالانہ کا مرکزی موضوع قرآن کریم رکھا گیا

٭…قرآن کریم کے حوالہ سے علمی تقاریر کا اہتمام

٭…۶۸۵؍ احباب جماعت کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کا جلسہ سالانہ ۲۰۲۳ء مورخہ یکم و ۲؍ جولائی کو سویڈن کے شہر گاتھن برگ میں واقع مسجد ناصر میں منعقد ہوا۔ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے پے درپے ہونے والے واقعات کے پیش نظر جماعت نے امسال کے جلسہ سالانہ کا بنیادی عنوان قرآن کریم رکھا ۔

جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لیے جمعہ کی صبح سے ہی ملک کے دوردراز علاقوں سے مہمانان آنا شروع ہوگئے تھے۔ ان میں ایسے احباب جماعت بھی شامل تھے جو کہ لولیو جماعت سے تیرہ سو کلومیٹر سے زائد کا سفر کر کے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔

مورخہ یکم جولائی ۲۰۲۳ء کی صبح گیارہ بجے مکرم وسیم احمدظفر صاحب امیر جماعت سویڈن اور مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے بالترتیب لوائے احمدیت اور سویڈن کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد جلسہ سالانہ کا افتتاحی اجلاس مکرم امیر صاحب سویڈن کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں جلسہ کےاغراض و مقاصد کو حاصل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: قرآن کریم بمقابلہ دیگر الہامی کتب از انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن، قرآن کریم اور سائنس از احتشام مقصود ورک صاحب اور خدمت قرآن از شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج ناروے۔

پہلے اجلاس کے وقفہ میں غیر از جماعت مہمانان کے ساتھ ظہرانے کا انتظام کیا گیا۔ سویڈن کے جلسے کے دوسرے اجلاس میں چونکہ سویڈش مہمان شامل ہوتے ہیں اس لیے یہ اجلاس سویڈش زبان میں ہوتا ہے۔

دوسرا اجلاس مکرم امیر صاحب جماعت سویڈن کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ عامر منیر چودھری صاحب (نیشنل سیکرٹری امور خارجہ) نے جماعت احمدیہ کے تعارف اور خدمات کے عنوان پر اور شان مصطفیٰﷺ آیات قرآنی کی روشنی میں کے عنوان پر کاشف محمود ورک صاحب مبلغ سلسلہ نے سویڈش زبان میں تقاریر پیش کیں۔ تقاریر کے بعد بعض مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت کے مختلف کاموں کو سراہا۔ جماعت کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور خاص طور پر پہلی دفعہ شامل ہونے والی ایک خاتون جلسہ کی روایات سے بہت متاثر ہوئیں۔

جلسہ کے پہلے دن شام کو مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں احباب جماعت کو موقع فراہم کیا گیا کہ وہ سوالات کر سکیں اور مبلغین کرام نے ان کے سوالات کے جواب دیے۔

دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز مکرم محمد زکریا خان صاحب امیرو مشنری انچارج ڈنمارک کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس میںان موضوعات پر تین تقاریر ہوئیں: قرآن مجید محفوظ اور غیر محرف آسمانی کتاب از مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ، حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن از خاکسار (مبلغ سلسلہ) اور عظمت انبیاء اور قرآن مجید از صدر اجلاس۔

دوسرے دن کا آخری اجلاس طاہر ندیم صاحب مبلغ سلسلہ مرکزی عربی ڈیسک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ان موضوعات پر تین تقاریر ہوئیں: قرآن مجید دنیا کی مشکلات کا کیا حل پیش کرتا ہے از آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن، قرآن مجید منجانب اللہ ہے از مکرم امیر صاحب جماعت سویڈن اور قرآنی استعارات از صدر اجلاس۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے تمام کارکنان و کارکنات جلسہ، شاملین جلسہ اور دیگر ممالک سے تشریف لانے والے مہمانوں اور مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مجلس نے اس اجلاس کے اختتام پر دعا کروائی اور جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ

جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کے دوران مستورات کا الگ اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ سویڈن کی صدارت میں منعقد ہوا اور ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: تعلیم القرآن کے بارے میں خلفائے احمدیت کی شاندار تحریکات بزبان اردو از فضیلہ نجم صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم، عورت کا مقام قرآن کریم کی رو سے بزبان اردو از نمود سحر صاحبہ نیشنل سیکرٹری تربیت، جو لوگ قرآن کو عزت دیں گے وہ آسمان پر عزت پائیں گے بزبان سویڈش از درشہوار خان صاحبہ نیشنل سیکرٹری تبلیغ۔ انیسہ سلیم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ سویڈن نے اختتامی تقریر کی۔

الحمد للہ سویڈن کی تمام جماعتوں سے ۶۸۵؍ احباب و خواتین نے اس جلسہ میں شمولیت کی۔ ناروے، ڈنمارک اور فن لینڈ سے بھی بعض مہمان اس جلسہ میں شامل ہوئے۔

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button