دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (منگل 08؍ اکتوبر2019ء)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

UNESCO سے خطاب، فیملی ملاقات

(مسجد مبارک فرانس، 08؍ اکتوبر 2019ء: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ فرانس کا ساتواں روزتھا۔ حضورِ انور نے نمازِ فجر پونے سات بجے مسجد مبارک میں تشریف لا کر پڑھائی۔

فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔ آج کی ملاقاتوں میں خوش نصیب 35؍ انفرادی احباب، اور28؍ فیملیز کے 78 ممبران نے اپنے پیارے امام سے ملاقات کی۔ حضورِ انور نے نمازِ ظہر و عصر مسجد مبارک میں تشریف لا کرپڑھائیں۔

سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب حضورِ انور نے دعا کروائی اور پھر قافلہ پیرس کے لیے روانہ ہوا۔ قریب ایک گھنٹے کے سفر کے بعد پونے پانچ کے قریب حضورِ انور مع ممبران قافلہ پیرس شہر کے وسط میں ایفل ٹاور کے بلکل قریب Hotel Pullman میں تشریف لائے جہاں چند سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے باری باری حضورِ انور سے تبادلہ خیال کیا۔ ان میں مردوخواتین دونوں شامل تھے۔ پیرس میں مسلم تنظیم کے نائب صدر نے بھی حضورِ انور سے ملاقات کرکے فرانس میں مسلمانوں کے حالات اور ان میں بہتری کے لیے رہ نمائی حا صل کی۔ چھے بجے حضورِ انور یونیسکو آفس کے لیے روانہ ہوئے جو وہاں سے دس منٹ کی مسافت پر تھا اور حضور نے وہاں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب فرمانا تھا۔ حضور کے خطاب کی رپورٹ علحدہ سے پیش کی جا چکی ہے۔

حضور خطاب کے بعد مہمانوں کے درمیان موجود رہے۔ شرکاء باری باری آکر حضور سے ملتے رہے اور خواہش کا اظہار کر کے حضور کے ساتھ تصویر اترواتے رہے۔

تقریب کے ہال سے فراغت کے بعد حضورِ انوراس گیلری میں تشریف لائے جہاں مہمانوں کے لیے ریفرشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہاں بھی مہمان حضرت خلیفۃ المسیح سے فیض یاب ہوتے رہے۔ پونے آٹھ بجے حضورِ انور مشن ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے اور نو بجے کے قریب مشن ہاؤس پہنچ گئے۔ سوا نو بجے حضور پُر نور نے نمازِ مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں اورساڑھے نو بجے کے قریب اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

حضرت امیر المومنین آئندہ چند روز میں فرانس کے شہرStraßburg میں نَو تعمیر شدہ احمدیہ مسجد ’مہدی‘ کا افتتاح فرمائیں گے اور اسی سلسلہ میں ایک ریسپشن سے بھی خطاب فرمائیں گے۔

(تفصیلی رپورٹ کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے)

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. جزاک اللہ بہت عمدہ بر وقت رپورٹنگ۔ دیکھی ہوئی چیزیں پڑھنے کو بھی مل جاتی ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button