امریکہ (رپورٹس)

صوبائی ممبر آف پارلیمنٹ Sérgio Fernandes کا مسجد بیت الاول پیٹروپولس برازیل کا دورہ

جماعت احمدیہ برازیل کی دعوت پر برازیل کے صوبہ ریو دی جانئیرو کے صوبائی ممبر آف پارلیمنٹ اور مذہبی امور کے سیکرٹری جناب Sérgio Fernandes نے مورخہ ۷؍اکتوبر بروز ہفتہ برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز مسجد بیت الاول کا دورہ کیا۔ اس وفد میں شہر پیٹروپولس کی کونسل کے نائب صدر جناب Fred Procópio اور فرسٹ سیکرٹری جناب Mauro Peralta کے علاوہ شہر کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے اخبار Diário de Petrópolis کی ایڈیٹر Jaqueline Gomes بھی اپنی ٹیم کے ممبرانAlbergaria Robson اور Luiz Carlos Silva کے ہمراہ موجود تھیں۔ خاکسار (مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) نے انہیں مشن ہاوٴس میں خوش آمدید کہا اور تفصیل سے اسلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی فوٹو دکھاتے ہوئے بتایا کہ جماعت احمدیہ کے نزدیک یہ وہ مسیح موعود ہیں جنہوں نے آخری زمانہ میں آنا تھا اور سب ان کے آنے کے منتظر ہیں۔ اسی طرح ایک سوال کے جواب میں پاکستان میں احمدیوں کے لیے جو قوانین بنائے گئے ہیں ان سے آگاہ کیا نیز ا س کے تناظر میں جو جماعت کی مخالفت اور مشکلات ہیں ان کی بھی کچھ تفصیل بتائی۔ مسجد کے دورہ کے دوران اسلامی نماز کی حقیقت اور فلاسفی اور شرائط بتائیں اور متعلقہ سوالات کے جواب دیے۔ لائبریری میں متفرق لٹریچر کے علاوہ تراجم قرآن کریم دکھانے اور تفصیل بتانے کا بھی موقع ملا اور بتایا کہ کس طرح ایک چھوٹی سی جماعت اسلام کی خدمت میں یہ عظیم الشان کا م کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں کم و بیش دو گھنٹہ تک ان سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرنے کا موقع ملا۔ جناب ممبر پارلیمنٹ اپنے اس دورہ کے دوران بڑی خوشی کا اظہار کرتے رہے اور بہت سے امور کے بارہ میں معلومات بھی لیتے رہے۔ انہوں نے واپس جا کر از خود اس دورہ کی تفصیلی رپورٹ اخبار Diário de Petrópolis میں دی جو ۱۲؍اکتوبر کی اشاعت میں فوٹو کے ساتھ شائع ہوئی جسے انہوں نے اور کئی اَور لوگوں نے بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا۔

اخبار کی ایڈیٹر جن کا مشن ہاوٴس میں پہلا دورہ تھا، بہت متاثر دکھائی دے رہی تھیں۔ سٹی کونسل کے نائب صدر جناب Fred Procopio اور مذکورہ اخبار کے نمائندہ جناب Luiz Carlos Silvaکو امسال یوکے کے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کرنے کا موقع بھی ملا تھا۔ چنانچہ یہ بھی اپنی خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے رہے کہ اس قسم کا پروگرام کبھی کہیں نہیں دیکھا۔ اس کا بھی صوبائی ممبر پارلیمنٹ اور دیگر مہمانوں پر بہت اچھا اثر پڑا۔ الحمدللہ

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button