حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمدایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۷؍نومبر۲۰۲۳ء میں مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعا کی مکرر تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ دعائیں جاری رکھیں۔ اب تو ظلم کی انتہا ہوتی جارہی ہے۔ حماس سے جنگ کے نام پر معصوم بچوں، عورتوں، بوڑھوں، بیماروں کو مارا جارہا ہے۔ ہر قسم کے جنگی اصول و ضوابط کو اس نام نہاد مہذب دنیا نے پس پشت ڈال دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمان ممالک کو بھی سمجھ دے۔ … اللہ تعالیٰ دنیا پر رحم فرمائے۔ (آمین) (مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل ۲۰؍نومبر۲۰۲۳ء)

٭…غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد بارہ ہزار سے زائد ہو گئی۔ اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد تیس ہزار سے بھی زیادہ ہے۔۷؍ اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں پانچ ہزار بچے اور ۳۳۰۰؍خواتین ہلاک ہوئیں جبکہ ۱۸۰۰؍بچوں سمیت تقریباً چار ہزار فلسطینی لاپتا ہیں اور کئی کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں شمال کے کئی علاقوں میں اسرائیلی طیاروں نے سکول، ہسپتال اور رہائشی عمارتوں پر بے دریغ بمباری کی ہے۔ میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں انڈونیشیا کے ہسپتال کے آس پاس، صابرہ کے علاقے اور اقوامِ متحدہ کے زیر انتظام الفلاح سکول پر بھی بم باری کی گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے چار بچے انتقال کر گئے، نوزائیدہ بچوں کو غزہ سے باہر لے جانے کا مؤثر طریقہ کار موجود نہیں ہے۔

٭… جنوبی افریقہ کے صدر راما فوسا نے اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں شکایت درج کرا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا ارتکاب کر رہا ہے جبکہ ہسپتالوں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔جنوبی افریقی صدر کا کہنا ہے کہ ہزاروں فلسطینی جان سے جا چکے ہیں، یقین ہے کہ عالمی فوجداری عدالت اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کرے گی۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سمیت پانچ ممالک نے اسرائیل حماس جنگ کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا۔ فلسطین کی صورتحال کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والے ممالک میں بولیویا، جبوتی اور مشرقی افریقی ملک Comoros شامل ہیں۔

٭… اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاند نہیں مانگ رہے بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ امدادی کارروائی کی جا سکے۔ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آپ اسے چاہے جو بھی کہیں لیکن انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے یہ سادہ سا مطالبہ ہے کہ انسانیت کی خاطر جنگ بند کی جائے تاکہ معصوم شہریوں کے انخلا کا عمل محفوظ طریقے سے ممکن ہو سکے اور بائیس لاکھ سے زائد محاصرین تک امداد پہنچائی جا سکے۔

٭… الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال ویران ہوگیا ہے، مجھ سمیت کچھ عملہ اور مریض رہ گئے ہیں۔ ڈائریکٹر الشفا ہسپتال کا کہنا ہے کہ مریض اور زخمی ہسپتال کے کوریڈور میں لیٹے ہیں، ہسپتال کے وسطی حصے کو اسرائیلی فوجیوں نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔

٭… اسرائیلی فوج کے جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے سکول پر حملے میں دوصد فلسطینی جاں بحق و زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ کےسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔قطر کی جانب سے جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے سکول پر بمباری کی مذمت کی گئی ہے۔ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سکولوں، ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی فوری عالمی تحقیقات ہونی چاہیے۔

٭… اسرائیل کی درخواست پر غزہ جنگ سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور انسٹاگرام نے ہزاروں پوسٹ ڈیلیٹ کردیں۔ ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام کو اسرائیل سے آٹھ ہزار سے زیادہ درخواستیں ملیں۔اسرائیلی درخواستوں میں شامل ۹۴؍فیصد غزہ جنگ پوسٹوں کو ایپس پر سے ہٹا دیا گیا۔

٭… مناما ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ نے مشرق وسطیٰ کےلیے امن فارمولا دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کےلیے دو ریاستی حل کی طرف بڑھنا ہوگا، دو ریاستی حل کے بغیر خطے میں استحکام نہیں آئے گا۔ حماس کے ۷؍اکتوبر کے اسرائیل پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ بحرین فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتا ہے۔ غزہ کی صورت حال ناقابل برداشت ہے، فلسطینی اتھارٹی مغربی کنارے میں انتخابات کروائے۔

٭…مالدیپ کی حکومت نے بھارت سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ اپنی فوج مالدیپ سے واپس بلائے۔ مالدیپ کے ایوان صدر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے یہ درخواست آج بھارتی وزیر ارتھ سائنسز کائرین ریجیجو سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کی۔ گذشتہ روز صدر منتخب ہونے کے بعد اپنی حلف برداری تقریب کے دوران محمد معیزو نے قوم سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وہ انتخابی مہم میں کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ نو منتخب صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آ کر ملک سے بھارتی فوج کو بےدخل کریں گے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button