حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ ورلڈکپ: تیرھویں ایک روزہ کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل مقابلہ ۱۹؍نومبر۲۰۲۳ءکو احمدآباد(گجرات)میں بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا گیاجس میں آسٹریلیا نے شاندارفتح حاصل کرکے چھٹی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کیا۔اس شاندار فتح میں آسٹریلوی گیندبازوں اورفیلڈرزکے علاوہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلےباز ٹریوس ہیڈ(Travis Head) کی لاجواب سینچری نے اہم ترین کردار اداکیا۔آسٹریلوی کپتان کی دعوت پربھارت نے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۲۴۰؍ رنز بنائے جس میں ویرات کوہلی اور لوکیش راہول کی نصف سینچریاں شامل تھیں۔جواب میں آسٹریلیا نے ابتدائی تین وکٹیں جلد گنوانے کے بعد ۴۳؍ اوورز میں ہدف بآسانی حاصل کرلیااور اس کے چارکھلاڑی آؤٹ ہوئے۔Travis Headنے ۱۲۰گیندوں پر ۱۳۷؍ رنز کی یادگارباری کھیلی جبکہ مارنس لیبوشین۸۵؍رنز بناکرناقابل شکست رہے۔

قبل ازیں ۱۵؍ نومبرکوممبئی میں کھیلے گئے پہلےسیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈکو۷۰؍رنز سے شکست دی۔اس میچ میں بھارت کی جانب سےویرات کوہلی(Virat Kohli)اور شریاس آئیر(Shreyas Iyer) نے سنیچریاں بنائیں جبکہ فاسٹ باؤلر محمد شامی نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مقررہ ۵۰؍ اوورز میں بھارت نے چار وکٹوں کے نقصان پر ۳۹۷؍ رنز بنائے جوکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی Knock-Outمقابلہ میں سب سے بڑا سکور ہے۔جواب میں نیوزی لینڈکی ٹیم ڈیرل مچل کے ۱۳۴؍ رنز کی بدولت ۳۲۷؍رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

۱۶؍نومبرکوکولکتہ میں ہونے والے دوسرےسیمی فائنل میچ میں آسٹریلیانے جنوبی افریقہ کے خلاف زبردست مقابلہ کے بعد تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ڈیوڈ ملر(David Miller) کی سینچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے ۲۱۳؍ رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے ۴۷۔۲؍اوورزمیں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ(Travis Head) کو ۶۲؍ رنز کی جارحانہ اننگز اور دو وکٹیں حاصل کرنے پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس ورلڈکپ میں بھارت کے محمد شامی نے سات میچز میں سب سے زیادہ ۲۴؍وکٹیں حاصل کیں۔جبکہ ویرات کوہلی گیارہ میچزمیں ۷۶۵؍رنز کے ساتھ بلےبازوں میں سرفہرست رہے۔انہوں نے ٹورنامنٹ میں چھ نصف سینچریاں اورتین سینچریاں بنائیں۔ویرات کوہلی ایک روزہ کیرئیر میں پچاس سینچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔

ٹینس: اٹلی کےشہرٹیورن میں منعقد ہونےوالے ATPفائنلز۲۰۲۳ءکے فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیاکےنواک جوکووچ (Novak Djokovic) نے اٹلی کے جینک سِنر(Jannik Sinnner) کو یکطرفہ مقابلہ میں ۶۔۳ اور۶۔۳ کے سکورسے شکست دے کر اپنے کیرئیر کا ریکارڈ ساتواں اے ٹی پی فائنلزٹائٹل جیت لیا۔

فارمولا ون ریسنگ:۱۹؍ نومبر۲۰۲۳ء کوسیزن کی اکیسویں فارمولا ون ریس امریکہ کے شہرلاس ویگاس میں پہلی بارمنعقد ہوئی۔جس میں Red Bullگاڑی چلانے والے نیدرلینڈز کے Max Verstappen نے فتح حاصل کرکے رواں سیزن کی اٹھارویں ریس اپنے نام کی۔دوسری پوزیشن مناکو سے تعلق رکھنے والےFerrari کے Charles Lecrecنے حاصل کی۔تیسرے نمبر پرRed Bullگاڑی کے ڈرائیورمیکسیکوکے Sergio Pérez رہے۔۲۰۲۳ءسیزن کی آخری ریس ۲۶؍نومبر کوابوظہبی میں ہوگی۔

فٹ بال:UEFAیوروپین چیمپئن شپ ۲۰۲۴ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے میچز میں پرتگال نے لخٹنشٹائن کو ۲۔صفر،لکسمبرگ نے بوسنیاکو۴۔۱،سلواکیہ نے آئس لینڈ کو۴۔۲،انگلینڈ نے مالٹا کو ۲۔صفر،اورڈنمارک نے سلوینیا کو۲۔۱سے شکست دے دی۔دیگر مقابلوں میں فرانس نے جبرالٹرکو ۱۴۔صفر،نیدرلینڈزنے آئرلینڈ کو ۱۔صفر،رومانیہ نے اسرائیل کو ۲۔۱ اورسپین نے جارجیاکو۳۔۱سے ہرایا۔سکاٹ لینڈ اور ناروے کا مقابلہ ۳۔۳گول جبکہ سربیا کا بلغاریہ کے ساتھ مقابلہ ۲۔۲گول سے برابررہا۔

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکے لیے ایشین کوالیفائنگ راؤنڈ کے ۱۶؍ نومبر کوکھیلے گئے مقابلوں میں قطر نے افغانستان کو ۸۔۱،بھارت نے کویت کو۱۔صفر،جاپان نے میانمار کو۵۔صفر،شام نے شمالی کوریا کو ۱۔صفر،جنوبی کوریا نے سنگاپورکو ۵۔صفر،چین نے تھائی لینڈ کو ۲۔۱،ایران نے ہانگ کانگ کو ۴۔صفراور عراق نےانڈونیشیا کو ۵۔۱ سے شکست دے دی۔اسی طرح سعودی عرب نے پاکستان کو جبکہ یواے ای نے نیپال کوصفر کے مقابلہ میں چارگول سے ہرادیا۔آسٹریلیا نے اپنا میچ بنگلہ دیش کے خلاف ۷۔صفر سے جیت لیا۔

(رپورٹ:۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button