افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ کے شہر بواکے میں کانفرنس کا انعقاد

جماعت احمدیہ بواکے، آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۴؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ ’’اسلام اور محبّ وطن شہری کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے ریجنل کانفرنس کے انعقاد کی توفیق ملی۔

مقررہ دن صبح دس بجے خاکسار(ریجنل مشنری بواکے) کی زیر صدارت کانفرنس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ سے ہوا۔ اس کےبعد نائب صدر صاحب جماعت بواکے نے چند استقبالیہ کلمات کہتے ہوئے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ کے تعارف پر ایک مختصر پراجیکشن دکھائی گئی اور ہارون ڈاکی ساگا صاحب نے احمدیت کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور جماعتی خدمات اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ اس کے بعد مکرم ہنیزہ وترا صاحب لوکل مشنری نے اسلام اور محب وطن شہریوں کی ذمہ داریوں کے موضوع پر قرآنی تعلیمات اور احادیث کی روشنی میں ایک اچھے شہری کے اوصاف پر روشنی ڈالی۔ آخر پر وطن سے محبت کے اظہار کے عملی نمونہ کے طور پر تمام حاضرین نے مکرم ہنیزہ وترا صاحب کی معیّت میں قومی ترانہ بھی پڑھا۔

اس کے بعد وقفہ برائے سوالات ہوا جس میں حاضرین نے جماعت احمدیہ کے عقائد کے متعلق بعض سوالات کیے۔ اسی کانفرنس کے بنیادی مقاصد کے متعلق بھی سوالات کیے گئےجن کے جواب خاکسار اور ڈاکی ساگا ہارون صاحب نے دیے۔ آخر پر معزز مہمانان میں سے چند ایک کو سٹیج پر آکر اپنے تاثرات بیان کرنے کا موقع دیا گیا۔چنانچہ آرمڈ فورسز کے کمانڈر کے نمائندہ نے بیان کیا کہ وہ آج کی کانفرنس سے بہت متاثر ہوئے اور انہیں یہاں آکر اسلام کی خوبصورت تعلیم سننے کا موقع ملا۔ایک انجینئر مکرم دامبیلےصاحب نے بیان کیا کہ اس طرح کی کانفرنسز کا انعقاد بہت اچھا عمل ہے اور بواکے کے ہر محلہ میں اس طرح کی کانفرنسز منعقد ہونی چاہئیں۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک آفیسر کمارا صاحب نے بیان کیا کہ موجودہ حالات میں نئی نسل کو شہری آداب سکھانے کی اشد ضرورت ہے۔ نوجوان نسل قانون کی پابندی نہیں کرتی۔ اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد سے ایک شعور پیدا ہو گا اور جماعت احمدیہ اس میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایسے مواقع مہیا کرے جن میں نئی نسل شرکت کرکے اپنے علم میں اضافہ کر سکے اور اچھے شہری بننے کی طرف توجہ کر سکیں۔

کانفرنس کے آخر پر خاکسار نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔اس کانفرنس میں ۳۲؍ مہمانان اور ۶۰؍ سے زائد احباب جماعت نے شرکت کی۔ تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

ریڈیو Phinixکے نمائندہ کانفرنس کی کوریج کے لیے موجود تھے۔ کانفرنس ہال کے باہر قرآن کریم اورجماعتی کتب و لٹریچر کی نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا تھا۔ مہمانان کی خدمت میں جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا جسے انہوں نے بڑی خوشی سے قبول کیا۔

(رپورٹ: باسط احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button