افریقہ (رپورٹس)

نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ گیمبیا ۲۰۲۳ء اور انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

٭… مختلف عناوین پر تقاریر اور مجلس سوال و جواب کا اہتمام

٭… اجتماع کی کُل حاضری ۱۷۶؍ رہی

٭… مجلس شوریٰ میں نئے صدر مجلس کا انتخاب

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گیمبیا کو مورخہ یکم تا ۳؍ دسمبر۲۰۲۳ء ملک کے دارالحکومت بانجل کومبو میں جماعت کے سکول نصرت سینئر سیکنڈری سکول میں اپنا نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ

اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں تمام ریجنل ناظمین انصاراللہ کو قبل از وقت اطلاع کردی گئی تھی جنہوں نے اپنے اپنے ریجنز میں اجتماع کی بھرپور اطلاع اور شمولیت کی تحریک کی۔

مختلف ریجنز سے شاملین کی آمد کا سلسلہ اجتماع سے ایک دن قبل ہی شروع ہو گیا تھا۔ اجتماع میں تینوں دن پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر ومغرب کے بعد درس قرآن، حدیث و ملفوظات کا انتظام تھا۔

جمعۃ المبارک کو تمام احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب سہ پہر پانچ بجے ہوئی جس کی صدارت کیمو سونکو صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ نے کی اور حاضرین کو قیمتی نصا ئح بھی کیں۔

مغرب وعشاء کے بعد مجلس سوال وجواب ہوئی جس میں مبلغ سلسلہ نے انصار کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔

اجتماع میں مختلف مقررین نے تربیتی عناوین پر تقاریرکیں جن میں ’توکل علی اللہ کرنے والے کے لیے اللہ کافی ہوتا ہے‘، ’دنیا کا موجودہ بحران اور اس کے مسلم دنیا پر اثرات‘ شامل تھے۔ اس کے علاوہ اجتماع میں اس بار مختلف سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیاتھا جن میں زکوٰۃ و صدقات، اسلام میں وراثت کا نظام، ہجرت اور اس کے اثرات کے موضوع پر لیکچر دیے گئے۔

دوسرے روز دوپہر کے کھانے کے بعد انصار کے درمیان ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔

اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم ابراہیم جم جاؤ صاحب صدر مجلس انصار اللہ گیمبیا کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ صدر صاحب کی نصائح اور اختتامی دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام ہوا۔

بعد از نماز مغرب و عشاء انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ دوران اجلاس نئے صدر مجلس کے انتخاب کی کارروائی بھی عمل میں آئی جس کی صدرات محمد اکمل صاحب قائمقام مبلغ انچارج نے کی۔

اس اجتماع کو ایم ٹی اے گیمبیا نے ریکارڈ بھی کیا۔ اجتماع کی حاضری اس سال ۱۷۶؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کے دُور رس نتائج پیدا فرمائے اور ہم سب کو احمدیت کے ساتھ جوڑے رکھے۔ آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button