دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (اٹھارہواں روز، ہفتہ 12؍ اکتوبر 2019ء)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مسجد مہدی، سڑراسبرگ کی افتتاحی ریسپشن ، احبابِ جماعت سے ملاقات

(سٹراس برگ، فرانس، 12؍ اکتوبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا اٹھارہواں جبکہ دورۂ فرانس کا گیارہواں روز تھا۔ حضورِ انور نے آج نماز فجر صُبح ساڑھے چھے بجے مسجد مہدی میں تشریف لا کر پڑھائی۔ نماز کے بعد مکرم منصور احمد مبشر صاحب مربّی سلسلہ نے درس القرآن تفسیر کبیر میں سے دیا۔

نمازِ ظہر تک حضور دفتری امور میں مصروف رہے اور دفتری ملاقاتیں بھی کیں۔ دو بج کر دس منٹ پر حضورِ انور نے نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں اور پھر اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

آج تین بجے مسجد مہدی کے افتتاح کی خوشی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ دو بجے سے شروع ہو گیا تھا۔ حضورِ انور سوا تین بجے کے قریب ہال میں تشریف لائے اور پانچ بجے تک تقریب کو رونق بخشی۔ (حضور پُر نور کے خطاب اور تقریب کے احوال پر مشتمل تفصیلی بلیٹن شائع کیا جا چکا ہے)۔ حضورِ انور نے اس تقریب میں شامل جن اہم شخصیات سے تبادلۂ خیال فرمایا ان میں فرانس کی نیشنل اسمبلی کی ممبر Martine Winner ، ریجنل کونسل کے نائب صدر Mr Etienne Bürger، صدر ڈسٹرکٹ کونسل Mr Justin Vogel اور Hurtigheim کے مئیر Mr Jean-Jacques Ruch
و بعض دیگراہم شخصیات شامل ہیں۔

حضورِ کے تشریف لے جانے کے بعد بھی تقریب کے مہمان کافی دیر تک مشن ہاؤس میں موجود رہے اور علاقے میں تعمیر ہونے والی پہلی احمدیہ مسجد ’مہدی‘ کو دیکھنے اور اسلام اور جماعت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مصروف رہے-

آج کی تقریب میں شعبہ استقبال و رجسٹریشن کے مطابق 192 مہمان شامل ہوئے۔ حضورِ انور تقریب کے بعد قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔ شام ساڑھے چھے بجے حضورِ انور کے دفتر میں تشریف لانے پر فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ آج اپنے پیارے امام سے 33 خوش قسمت فیملیوں کے 120 افراد نے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ آٹھ بجے تک جاری رہا جس کے بعد حضورِ انور نے نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور ساڑھے آٹھ بجے کے قریب اندرون خانہ تشریف لے گئے۔

آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا فرانس میں قیام کا آخری دن ہے۔ کل انشا اللہ حالیہ دورۂ یورپ کے تیسرے مرحلہ پرخلافتِ احمدیہ کے پانچویں مظہر حضرت مرزا مسرور احمد ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کی جرمنی روانگی ہو گی۔ اپنے امام کو الوداع کہنے کے لئے فرانس کے دوسرے شہروں سے خادمانِ خلافت کی مسجد مہدی میں آمد جاری ہے ع

ہر گام پر فرشتوں کا لشکر ہو ساتھ ساتھ

ہر ملک میں تمہاری حفاظت خدا کرے

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء اور منصور احمد مبشر، نمائندہ الفضل فرانس)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button