یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کے پہلے سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کا کامیاب انعقاد

(بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لٹویا)

٭… ’’نماز باجماعت کا قیام‘‘ کے مرکزی موضوع پر پہلا سالانہ اجتماع

٭… علمی و ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام

٭…۲۸؍ احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کو ۲۴ و ۲۵؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں اپنا پہلا سالانہ دو روزہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع کے پہلے روز نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین اجتماع نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد شام چھ بجے صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی صدارت میں پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم، ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ہمارےاِس پہلے اجتماع کا موضوع ’’نماز باجماعت کا قیام‘‘ ہے۔ لہٰذا تمام خدام دورانِ اجتماع اور باقی دنوں میں بھی باجماعت نماز کے قیام کی طرف بھرپور توجہ دیں۔ بعدازاں مشن ہاؤس سے کچھ فاصلے پر واقع ایک سپورٹس ہال میں ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں دوڑ، والی بال اور فٹ بال کے مقابلے شامل تھے۔ اِن مقابلہ جات کے ساتھ ہی پہلے دن کا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز نمازِتہجد، فجر، درس اور انفرادی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔

مشن ہاؤس میں ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد گیارہ بجے صبح مشن ہاؤس میں ہی علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں تلاوت، نظم، اذان، تقریر فی البدیہ اور مشاہدہ ومعائنہ کے مقابلے شامل تھے۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ایک مختصر وقفے کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا) کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے خدام کو صدر مجلس نے انعامات تقسیم کیے۔ مجلس میں ایک ہی طفل ہے۔ لہٰذااس طفل اور لتھوانیا سے آنے والے ایک مہمان بچے کو خصوصی انعام دیاگیا۔ نیز لتھوانیا سے تشریف لائے ہوئے دونوں مہمان ججز کو بھی لٹویا کی خصوصی شیلڈ دی گئیں۔ تقسیم انعامات کے بعد خاکسار نے اپنی مختصر تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے مجلس خدام الاحمدیہ یوکےکے موقع پر فرمودہ خطاب سے چند نصائح پیش کرکے تمام خدام کو ان پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی اورتمام شاملین اجتماع کا شکریہ ادا کیا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کے پہلےسالانہ اجتماع کا کامیاب اختتام ہوا۔

اختتامی تقریب کے بعد سب حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ لٹویا میں حال ہی میں مجلس خدام الاحمدیہ کا قیام عمل میں آیا ہے۔ لٹویا میں کُل ۱۴؍ خدام ہیں جن میں سے ۱۳؍ اس اجتماع میں شامل ہوئے۔لتھوانیا سے بھی ۵؍ خدام اور ایک طفل اور ایک بچہ اس اجتماع میں شامل ہوئے اور اس کی رونق میں اضافہ کیا۔علاوہ ازیں لٹویا کی دیگر ذیلی تنظیموں کے ممبران بطور مہمان اس اجتماع میں شامل ہوئیں۔ اسی طرح ایک سری لنکن غیرازجماعت نوجوان بھی اس اجتماع میں شامل تھا۔ کُل ملا کراجتماع کی حاضری ۲۸؍ رہی۔

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button