متفرق

ربوہ کا موسم (۲۹؍ دسمبر۲۰۲۳ء تا ۴؍ جنوری ۲۰۲۴ء)

شدید دھند نے جمعۃ المبارک کی فجر سے ہی فضا میں ڈیرے جما لیے ۔ یاد رہے کہ دھند کا یہ سلسلہ جمعرات کی رات سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ جمعہ کو سارا دن بادل چھائے رہے،دھوپ نہ ہونے کی وجہ سے ٹھنڈ بن گئی۔ درجہ حرارت کم سے کم ۸؍ اور زیادہ سے زیادہ ۱۵؍ سینٹی گریڈ تھا۔ یہ بھی یاد رہے کہ مری اور دیگر شمالی علاقہ جات میں برف باری شروع ہوگئی۔ ہفتہ کی فجر کے وقت دھند کچھ کم تھی ۔ دن کو دھند تو ختم ہوگئی لیکن سارا دن بادل چھائے رہے۔ عصر کے وقت سورج نے بادلو ں کی اوٹ میں سے کچھ دیر کے لیے جھانکا پھر بادلوں میں چلا گیا۔ دھوپ نہ نکلنے کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا ۔ جو سوموار سے جمعرات تک چلا گیا۔ اس طرح اس ہفتہ بھی دھوپ نہیں نکلی ۔جو لوگ دھوپ میں بیٹھنے کے عادی ہیں وہ کمروں میں بند رہے ،اگر باہر نکلے بھی تو آ گ جلا کر سینکتے رہے۔ ڈرائی فروٹ فروشوں کی چاندی دیکھنے میں آئی ، خاص طور پر مونگ پھلی خوب فروخت ہوئی۔گاہکوں نے بوریوں کی بوریاں خالی کر ڈالیں۔موسم کی بات کریں تو جمعرات کے دن صبح سے ہی ہوا بند تھی۔آسمان پر بادلوں کی تہ ہلکی تھی ، عصر کے وقت تھوڑی دیر کےلیے دھوپ نکلی جس سے سردی میں کمی محسوس ہوئی، کچھ دیر میں ہی بادلوں نے پھر ڈیرہ جما لیا اور ٹھنڈ زیادہ ہوگئی جمعرات کی رات ساڑھے دس بجے دھند میں شدید اضافہ ہوگیا۔ درجہ حرارت کم سے کم ۷؍اور زیادہ سے زیادہ ۱۳؍سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button