افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کا ۳۹واں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

٭… علمی و ورزشی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ علمی تقاریر کا سلسلہ

٭… اجتماع پر کُل حاضری ۵۴۸؍ رہی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کو اپنا ۳۹واں سالانہ اجتماع مورخہ ۲۲تا ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعہ تا اتوار ملک کے دارالحکومت بانجل میں جماعت کے نصرت سینئر سیکنڈری سکول میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کے لیے ریجنز سے آمد کا سلسلہ ایک دن قبل یعنی جمعرات کو ہی شروع ہو گیا تھا۔ اجتماع میں تینوں دن باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر ومغرب کے بعد درس قرآن و حدیث کا بھی انتظام تھا۔

جمعۃ المبارک کو دوپہر بارہ بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس عبدالرحمان چام صاحب مربی سلسلہ و نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم وعہد کے بعد بانجل/کومبو کے ریجنل صدر صاحب نے شاملین کا استقبال کیا اور ان کو خوش آمدید کہا۔اس کے بعد ’’خدام الاحمدیہ کا عہد اور اطاعت خلافت‘‘ کے عنوان پر تقریر ہوئی۔ یہ اجلاس دوپہر ایک بجے ختم ہوا۔ بعدازاں تمام حاضرین نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ نماز جمعہ وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔

اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز سہ پہر ساڑھے پانج بجے سیکو جامع صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت ہوا۔ اس اجلاس میں ’’اسلام میں امن کا تصور‘‘ کے موضوع پر تقریر ہوئی۔ صدر مجلس نے اپنی تقریر میں ذکرِ الٰہی اور اطاعت خلافت کی طرف توجہ دلائی۔نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد دن میں ہونے والی تقاریر کے مختلف مقامی زبانوں میں تراجم پیش کیے گئے۔اس کے بعد اسلام اور امن کے موضوع پر مختلف گروپس میں تبادلہ خیال ہوا۔

اجتماع کے دوسرے روز صبح دس بجے دعا کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا اور دن بھر خدام اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات ہوتے رہے۔ ان مقابلوں میں دوڑ، ریلے ریس، جمپ، فٹبال، والی بال، رسہ کشی اور ثابت قدمی شامل تھے۔ بعد از نماز مغرب وعشاء خدام اور اطفال کے علمی مقابلے ہوئے جو رات گئے تک جاری رہے۔

اجتماع کے تیسرے روز اختتامی اجلاس صبح دس بجے محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج ونائب امیر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت وقصیدہ کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے مجلس کی سالانہ کارکردگی اور اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔اس کے بعد مہمان خصوصی نے پوزیشن لینے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کیےاور اختتامی تقریر کی۔ اجتماع کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔دعا کے بعد تمام شاملین کا گروپ فوٹو لیا گیا۔اس اجتماع کو ایم ٹی اے گیمبیا نے ریکارڈ بھی کیا ۔

اس اجتماع میں ایک نمائش کا انتظام کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ احمدی ڈاکٹروں کی مدد سے دوران اجتماع فرسٹ ایڈ کا انتظام بھی تھا۔ اجتماع میں ایک خاص بات یہ تھی کہ ایک ریجن فرافینی کے گیارہ خدام نے تقریباً ۱۳۴؍ کلومیٹر کا سفر پیدل چل کر طے کیا اوراجتماع میں شرکت کی۔

اس اجتماع کی کُل حاضری ۵۴۸؍ رہی۔ قریبی ملک سینیگال سے چار خدام کے وفد نے بھی اس اجتماع میں شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button