یورپ (رپورٹس)

مالٹا میں خدمت انسانیت کے ساتھ نئے سال کا آغاز

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو امسال بھی منفرد انداز میں دعاؤں اور صدقات کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کے ذریعہ نئے سال کا آغاز کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔جماعت نے معذور افراد کے ادارہ Dar tal-Providenza کے لیے نئے سال کے موقع پر عطیات جمع کرنے کے پروگرام میں بھرپور شرکت اور تعاون پیش کیا۔ اس پروگرام کے دوران تمام رضاکاران کے لیے جماعت کی طرف سے دوپہر اور رات کا کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ گذشتہ چند سالوں سے جاری ہے اور ہرسال یہ ادارہ جماعت کو تعاون کی درخواست کرتا ہے تاکہ ان کے کاموں میں آسانی پیدا ہو۔ظہرانے اور عشائیے کے انتظام کے علاوہ بھی جو تعاون انہیں درکار ہوتا ہے جماعت کی طرف سے پیش کیا جاتا ہے۔ جماعتی ٹیم ہمہ وقت مستعد ہو کر اس پروگرام کے دوران خدمت انسانیت کی توفیق پاتی ہے۔

یہ فنڈ ریزنگ ایونٹ ہر سال یکم جنوری کے دن بارہ بجے شروع ہو کر رات بارہ بجے تک جاری رہتا ہے اور مالٹا کے تمام مقامی ٹیلیویژن چینلز پر براہ راست نشر ہوتاہے۔ اس پروگرام میں تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم اور نامور شخصیات بھی شرکت کرتی ہیں۔اس پروگرام میں شرکت سے ان شخصیات سے ملاقات کا بھی موقع ملتا ہے جن سے تعارف نہیں ہوتا۔ اس طرح ان سے تعارف ہوتا ہے اورنئے روابط استوار ہوتے ہیں۔

افراد جماعت نے جماعتی لوگو (logo) والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت احمدیہ کا نام، ماٹو اور ویب سائٹ کا پتا درج تھا۔ یہ شرٹس جماعتی تبلیغ کا مسلسل ذریعہ بنی رہیں۔ جماعت کی طرف سے وہاں لوگوں کو چاکلیٹس بھی پیش کی گئیں اور نئے سال کی مبارک باد بھی دی جاتی رہی۔ جماعتی ٹیم کی خوش اخلاقی بھی لوگوں کو متاثر کرتی رہی۔

افرادِ جماعت نے سٹیج پر ٹیلی تھون میں بھی حصہ لیا اور براہِ راست نشریات کے دوران موصول ہونے والی فون کالز کا جواب دیتے ہوئے نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور فلاحی ادارے کی بہبود کے لیے دی جانے والی رقم پر عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔

براہ راست نشریات کے دوران جو کہ مالٹا کے تمام ٹیلیویژن چینلز پر نشر کی جارہی تھیں، خاکسار (مبلغ سلسلہ مالٹا) سےدو بار تاثرات بھی لیے گئے جن میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خدمت انسانیت کے موضوع پر گفتگو ہوئی۔ دوسری بار تاثرات لینے سے قبل جب میزبان صحافی نے جماعت کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا تو اس پر موصوف کو بتایا گیا کہ خدمت انسانیت ہماری مذہبی ذمہ داری ہے اور ہم ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری خدمت انسانیت اسی بے لوث محبت اور اخلاص کا نتیجہ ہے۔

اس ادارے کے ڈائریکٹر پادری مارٹن میکالف صاحب اوران کے سٹاف نے جماعت کا بڑی فراخدلی سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت کا تعاون بہت ہی مفید ہے اور اس طرح ہمارے کاموں میں بہت آسانی پیدا ہوئی ہے۔

کام کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھا گیا اور کام کے اختتام پر بھی صفائی کی گئی۔

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button