جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ سینیگال کے گیارھویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

٭… جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… معزز مہمانان سمیت تین ہزار ۹۳۰؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سینیگال کو اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۹تا ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۳ء سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں جماعت احمدیہ کے نیشنل ہیڈکوارٹر میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کا مرکزی عنوان’’پائیدار استحکام کے لیے اسلامی تعلیمات ‘‘ تھا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ سینیگال ۲۰۲۳ء کے لیے ازراہ شفقت مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت گیمبیا کو اپناخصوصی نمائندہ مقرر فرمایا۔

مزید برآں امسال پہلی مرتبہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت خصوصی طورپر جلسہ سالانہ کے شاملین کے لیے محبت بھرا پیغام تحریر فرمایا۔

نیز امسال پہلی مرتبہ سینیگال کے دو ریجنز کے گورنرز جلسہ سالانہ پر حاضر ہوئے اور شاملین جلسہ سے مخلصانہ جذبات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

نیز جلسہ سالانہ سینیگال کے شاملین کی پہلی مرتبہ ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان میں بھی شرکت ہوئی۔

مہمانوں کی آمد:مورخہ ۲۸؍دسمبر بروز جمعرات ہی سے ملک کے دُور دراز کے ریجنز سے مہمانان جلسہ قافلہ در قافلہ آنا شروع ہوگئے تھے اور ان میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو ۶۰۰؍کلومیٹر سے زائد کا سفر طے کر کے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔

پرچم کشائی:مورخہ ۲۹؍دسمبر بروز جمعہ ساڑھے بارہ بجے مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت گیمبیا نے لوائے احمدیت اور مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت احمدیہ سینیگال نے سینیگال کا پرچم لہرا یا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب گیمبیا نے دعا کروائی۔ ایک بجے تمام حاضرین جلسہ نے جلسہ گاہ آکر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد مکرم امیرصاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔

پہلے اجلاس کی صدارت خصوصی نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کی۔ اس اجلاس میں مہمانان کرام کو دعوت کلام دی گئی۔ بعد ازاں صدر مجلس نےاجلاس کے آخر میں حضور انور ایدہ اللہ کا پیغام پڑھ کر سنایا اور دعا کروائی۔

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا اردو مفہوم

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ سینیگال ۲۹، ۳۰ اور ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ آ پ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں ۔

حضرت مسیح موعودؑ نے اس جلسہ سالانہ کا مقصد اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک خاص تعلق کو قائم کرنا اور آنحضورﷺ کی تعلیمات اور آپؐ کے عمل کے طریق کو سننا بیان فرمایا ہے۔ تاکہ ہر کوئی اپنی اصلاح کر سکے۔چنانچہ جلسہ سالانہ کا جو مقصد حضرت مسیح موعودؑ نے بیان فرمایا ہے اگر ہم اس کو سمجھنا چاہتے ہیں تواس کو ایک فقرے میں یوں سمویا جا سکتاہے کہ ’’تقویٰ کے راستے پر قدم مارنا‘‘۔

حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے اس بیان سے ہمیں ایک بہت بڑا سبق دیا ہے۔اور اگر ہم اس سبق پر عمل کریں تو ہم اپنی زندگیوں میں بہت بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم دنیا کو مکمل طور پر خیر آباد کہہ دیں اور ہر کسی سے کامل طور سے کنارہ کشی کر لیں۔بلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے ہمیں نیکی کے راستے پر چلتے رہنا چاہیے۔ اور کوئی دنیاوی چیز ہمیں اس سے روکنے والی نہ ہو۔

اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہوچکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی۔ اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘(ملفوظات جلد ۷صفحہ ۲۷۷-۲۷۸)

اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ آپ کو صرف اس بات سے خوش نہیں ہو جانا چاہیے کہ آپ نے حضرت مسیح موعودؑکو قبول کر لیاہے۔بلکہ آپ کو انتہائی کوشش کرنی چاہیے اور اپنی تمام ترقوتوں اور استعدادوں کو بروئے کار لانا چاہیے اور آپ کو اپنی روحانی حالت کو مسلسل بہتر بنانے اور اپنے اخلاقی معیاروں اوررویوّں کو اس حد تک بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کا تقاضا حضرت مسیح موعودؑ نے احباب جماعت سے کیا۔

اپنے خالق اللہ تعالیٰ سے اپنا ذاتی تعلق بنانے کی کوشش کریں۔شرائط بیعت کے مطابق چلنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یہ شرائط آ پ کی زندگی کے لیے ایک مشعل راہ ہونی چاہئیں۔ اور اگر آپ خود کو ان میں ڈھالیں،اپنے جائزے لیں،غورو فکر سے کام لیں اور اپنے روزمرہ افعال کو بہتر کریں تو نہ صر ف آپ بہترین احمدی بن جائیں گے بلکہ دنیا میں حقیقی انقلاب لانے والے بھی ہوں گے۔ہر شرط بیعت میں لامتناہی حکمتیں ہیں۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کےلیے ہر شرط بیعت پر خوب غور کرتے رہنا چاہیے۔

میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کو جو ایک الٰہی نظام ہے ہمیشہ اوّلین ترجیح دیں۔ہمیشہ یاد رکھیں کہ جماعت کی ترقی اور اسلام کی اشاعت اور دنیا میں امن کا قیام یہ سب بنیادی طور پر نظام خلافت سے منسلک ہیں۔اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خلیفۃ المسیح سے پختہ تعلق بنائیں اور ہمیشہ اس سے وفادار رہیں۔

ایم ٹی اے دیکھیں اور اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر اپنے بچوں کو اس کی تاکید کریں۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبے اور دوسرے مواقع اور تقاریب پر کی گئی تقاریر کو سننا چاہیے۔ اس سے آپ کا خلافت سے تعلق مضبوط ہو گا اورایمان مستحکم۔

میں تبلیغ کے متعلق آپ کی عظیم ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوںجو ہر احمدی کےلیے ضروری ہے۔ آپ کو سینیگال کے تمام لوگوں تک احمدیت اور اسلام کا خوبصورت اور محبت بھرا پیغام پہنچانے کےلیے دانشمندانہ منصوبے بنانے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔اللہ آپ سب کو اس کام کی توفیق دے۔

آخر میں جلسہ میں شامل ہونے والوں کو حضرت مسیح موعودؑ کی ایک دعا یاد دلانا چاہتا ہوں۔آپؑ فرماتے ہیں کہ ’’بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالےٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کردیوے اور ان کے ہم و غم دور فرمادے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔‘‘(اشتہار ۷؍دسمبر مجموعہ اشتہارات جلد ۱صفحہ۳۴۲)

اللہ کرے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی یہ دلی دعائیں آ پ کے ہمراہ ہوں۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق، اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔

حسب معمول بعد از نماز مغرب و عشاء مقامی زبانوں (وولف، پولار، سیرر، جولا) میں جلسے منعقد ہوئے جن میں تقاریر کے علاوہ سوال و جواب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

مورخہ ۳۰؍دسمبر کودن کاآغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد صبح کے اجلاس میں مستقل امن کے متعلق اسلامی تعلیمات کے عناوین پر متعدد تقاریر ہوئیں نیز اجلاس کے آخر میں معزز مہمانوں کو اظہار خیال کا موقع بھی دیا گیا۔

اس اجلاس کے آخر پر ریجن کولڈا اور ریجن چئیس کے گورنرز تشریف لائے اور جماعت احمدیہ سے متعلق اپنے مخلصانہ جذبات کا اظہار کیا۔

بعد از نماز ظہر و عصر دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں حسب پروگرام متعدد عناوین پر تقاریر ہوئیں۔ بعد ازاں چند مہمانان کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دعا کے ساتھ تیسرا اجلاس ختم ہوا۔ نماز مغرب وعشاء کے بعد مقامی زبانوںمیں جلسے بھی منعقد ہوئے۔

مورخہ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس القرآن کے بعد احباب جماعت جلسہ گاہ میں ہی تشریف فرما رہے۔ دوران سال تعلیمی میدان میں اعلیٰ اعزاز حاصل کرنے والے طلبہ میں نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایمان افروز اختتامی خطاب تمام احباب نے فرنچ ترجمہ کے ساتھ سنا اور نعروں کے پُر جوش جواب بھی دیے۔

سینیگال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سٹریم لائن ہو کر دیگر جلسوں کے ساتھ جلسہ سالانہ سینیگال بھی ایم ٹی اے پر براہ راست نشر ہوا اور دوران خطاب متعدد مرتبہ جلسہ سالانہ سینیگال کے مناظر بھی ایم ٹی اے پر نظر آتے رہے۔

جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب کےبعد دعا کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ سینیگال ۲۰۲۳ء بھی اپنی تمام تر برکات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ گاہ مستورات

اس جلسہ میں ممبرات لجنہ اماء اللہ کی تعداد ۱۲۰۰؍سے کچھ زیادہ تھی۔ اس مناسبت سے لجنہ اماء اللہ کی رہائش گاہوں کی تعداد کو زیادہ کیاگیا۔

دوسرے روز مورخہ ۳۰؍دسمبر کو صبح لجنہ اماء اللہ کے جلسہ گاہ میں لجنہ اماءاللہ کے زیر انتظام جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ خواتین مقررین نے دنیا میں مستقل امن کے لیے اسلامی تعلیمات کا ذکر کیا۔ ناصرات نے آنحضورﷺ کی شان میں بیان کردہ عربی قصائد بھی نہایت خوش الحانی سے پڑھے۔

جلسہ سالانہ کی حاضری

جلسہ سالانہ سینیگال ۲۰۲۳ء میں سینیگال کے ۱۴؍ریجنز کے تین سو سے زائد دیہات کے تین ہزار ۹۳۰؍مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک مالی، موریطانیہ اور گیمبیا سے بھی وفود نے شرکت کی۔ نیز یوکے سے دو احمدی احباب بھی اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ اسی طرح ۱۵۰؍سے زائدغیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثر چیف آف ولیج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔

میڈیا کوریج

جلسہ سالانہ سینیگال میں متعدد ریڈیو سٹیشنز کے نمائندگان کے علاوہ دیگر صحافی حضرات بھی شامل ہوئے اور جماعت احمدیہ کے پیغام کو نشر کرنے کا موجب ہوئے۔

اعلیٰ عہدیداران کی شرکت

سینیگال کے دوریجنز کے گورنرز کے علاوہ متعدد ریجنز سے میئر اور ان کے نمائندگان بھی خصوصی طور پرجلسہ میں شامل ہوئےاور انتظامات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں جلسہ گاہ میں آکر احباب کے سامنے اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں جماعتی خدمات کا تذکرہ کیا۔

نمائش

حسب معمول جلسہ سالانہ پر کتب و تصاویر کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہےجس میں تراجم قرآن کریم و دیگر جماعتی لٹریچر مختلف زبانوں میں آویزاں کیے جاتےہیں۔ نیز خلفائےکرام کی تصاویر اور جماعت کی تاریخ میں سے چنیدہ تصاویر بھی نمائش کا اہم حصہ ہوتی ہیں۔ جلسہ کے تینوں ایام میں احمدی و غیراحمدی احباب نے بھر پور طریق پر نمائش سے فائدہ اٹھایا۔

پرچموں کی بہار

جلسہ سالانہ سینیگال پر لوائے احمدیت کے علاوہ ۱۰۰؍سے زائد ممالک کے پرچم لہرائے گئے جو کہ جلسہ کی خوبصورتی کو چار چاند لگا تے رہے۔ ریجن چئیس کے گورنر جب جلسہ سالانہ پر آئے تو ترتیب میں لگے متعدد ممالک کے پرچم دیکھ کر کہنے لگے کہ نہ صرف یہ خوبصورتی کا موجب بن رہے ہیں بلکہ عالمی طور پر جماعت کی پیدا کردہ اخوت و محبت کی عکاسی بھی کر رہے ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button