حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… الیکشن کے غیر سرکاری نتائج مکمل ہوچکے ہیں۔ اس کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے۔پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن آگے ہے، بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی سب سے زیادہ ۱۱، ۱۱؍نشستیں ہیں۔

٭…سابق وزیر اعظم نواز شریف نے حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو دعوت دی مگر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے مطابق تاحال اس پر کسی سیاسی جماعت سے گفتگو نہیں ہوئی۔

٭…انتخابی نتائج میں تاخیر اور مبینہ دھاندلی پر جماعت اسلامی، ٹی ایل پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی تشویش ظاہر کی ہے۔

٭…فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں ۱۷۳؍فلسطینی زخمی ہوئے۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں ۷؍اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ۲۸؍ہزار ۱۷۶؍ہوگئی ہے جبکہ۶۷؍ہزار ۷۸۴؍فلسطینی زخمی ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ بے گھر فلسطینیوں سے بھرے شہر رفح میں داخل ہونے کے لیے تیار رہیں کیونکہ اسرائیل غزہ سے حماس کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے اس شہر میں آپریشن کرنا چاہتا ہے۔

٭… چیئرمین امریکی ایوان نمائندگان خارجہ امور کمیٹی مائیکل مک کال نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستانی عوام کے جمہوری حکومت کے انتخاب کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ایک بیان میں موصوف نےکہا کہ عام انتخابات میں پاکستانی عوام کی بھرپور شرکت پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوریت میں آزاد اور شفاف الیکشن بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، انتخابات میں کرپشن یا فراڈ کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔مائیکل مک کال کا کہنا ہے کہ انتخابات میں کسی بھی کرپشن یا فراڈ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ایسی جمہوری منتخب حکومت ہوجو قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کا احترام کرے۔

٭… کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد برطانیہ کے بادشاہ چارلس کا پہلا پیغام سامنے آگیا۔بادشاہ چارلس نے اپنے لیے اچھی خواہشات کا اظہار کرنے والوں سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ دل کو تقویت ملی کہ میرے تجربے کی بنا پر لوگ چیک اپ کروا رہے ہیں۔میڈیا کے مطابق بادشاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص پروسٹیٹ علاج کے دوران ہوئی تھی۔رپورٹس کے مطابق ۷۵؍برس کے بادشاہ چارلس کو لاحق کینسر کی نوعیت تاحال واضح نہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button