حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال: ۳۴ واں افریقہ کپ آف نیشنز(AFCON)امسال۱۳؍جنوری تا ۱۱؍فروری ۲۰۲۴ءمغربی افریقہ کے ملک آئیوری کوسٹ میں منعقد ہوا۔ٹورنامنٹ کےفائنل میں آئیوری کوسٹ نے نائیجیریا کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے شکست دے کر۱۹۹۲ءاور۲۰۱۵ء کے بعد تیسری بار یہ ٹائیٹل اپنے نام کیا۔ کھیل کے ۳۸ویں منٹ میں نائیجیریا نے گول کرکے سبقت حاصل کی،تاہم دوسرے ہاف میں میزبان ٹیم نے Franck KessieاورSebastein Hallerکے شاندارگولز کی بدولت فتح حاصل کرلی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ نے DR Congoکے خلاف پنلٹی شوٹس پر۶۔۵سے کامیابی حاصل کی۔قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں نائیجیریانے جنوبی افریقہ جبکہ آئیوری کوسٹ نے ڈی آرکونگوکوشکست سے دوچارکیا تھا۔

AFCایشین کپ فٹ بال ٹورنامنٹ قطرنے جیت لیا۔ ۱۰؍فروری کو ہونے والے فائنل مقابلہ میں میزبان قطرنے اُردن کو ایک کےمقابلہ میں تین گول سے ہراکرلگاتاردوسری مرتبہ ایشین چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کیا۔قطر کی جانب سے تینوں گول پنلٹی شوٹ پراکرم عفیف (Akram Afif) نےسکورکیے۔اُردن کی جانب سےواحدگول کھیل کے۶۷ویں منٹ میں Yazan Al-Naimat نے کیا۔سیمی فائنل مقابلوں میں اردن نے جنوبی کوریا کو ۲۔صفرجبکہ قطرنے ایران کو ۳۔۲؍سے شکست دی تھی۔

کرکٹ: ۱۹؍جنوری سے۱۱؍فروری ۲۰۲۴ء تک جنوبی افریقہ میں منعقدہ انڈر۔۱۹کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو۷۹؍رنز سے شکست دے دی۔بینونی (Benoni)میں ہونے والے آخری معرکہ میں آسٹریلیا نے پہلےبلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر۲۵۳؍رنز بنائے۔Harjas Singhنے ۵۵؍رنز کی اننگز کھیلی۔جواب میں بھارتی ٹیم ۴۴ویں اوور میں ۱۷۴؍رنز بنا کرآل آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے Mahli Beardmanنے ۱۵؍رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیااورپلیئرآف دی میچ قرار پائے۔جنوبی افریقہ سےتعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلرKwena Maphakaمجموعی طورپر ۲۱؍وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

اس ورلڈکپ میں ۱۶؍ٹیموں نے شرکت کی۔ پہلا سیمی فائنل بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا گیا جس میں بھارت نے دووکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعدپاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ ۱۹۸۸ء،۲۰۰۲ءاور۲۰۱۰ءکے بعدآسٹریلیا چوتھی بار انڈر۔۱۹کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا۔جبکہ بھارت سب سے زیادہ پانچ مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔

آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز:آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل(Glenn Maxwell) ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ میںپانچ سینچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔ اس فارمیٹ میں بھارت کے روہت شرما(Rohit Sharma)بھی پانچ سینچریاں بنا چکے ہیں۔ اتوار،۱۱؍فروری کو ایڈیلیڈکے میدان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میں گلین میکسویل نے ۵۵؍گیندوں پر ۱۲۹؍رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کےلیے ۲۴۲؍رنز کا ہدف دیا تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۹؍وکٹ پر ۲۰۷؍رنز ہی بنا سکی۔

انگلش پریمیئر لیگ:گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں مانچسٹرسٹی نے ایورٹن کو ۲۔صفر،ٹوٹنہیم نے برائٹن کو ۲۔۱؍اور لیورپول نے برنلی کو۳۔۱؍سے شکست دے دی۔دیگر میچز میں آرسنل، مانچسٹریونائیٹڈ،نیوکاسل اور فلہم کی ٹیمیں کامیاب رہیں۔رواں سیزن میں ۲۴؍میچزمیں ۱۶؍کامیابیوں کے ساتھ لیورپول کی ٹیم ۵۴؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مانچسٹرسٹی ۲۳؍میچز میں ۵۲؍پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے اور آرسنل کی ٹیم ۲۴؍مقابلوں میں ۵۲؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ (رپورٹ:۔ ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button