افریقہ (رپورٹس)

جماعت کینیا کے ہیڈ کوارٹر نیروبی میں ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے نئے سٹوڈیو کا افتتاح

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو نیروبی ہیڈکوارٹرز میں ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے نئے سٹوڈیو کے قیام کی توفیق ملی جس کا افتتاح مکرم ناصرمحمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج نے مورخہ ۲۷؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ کیا۔ اس موقع پر ایم ٹی اے انٹر نیشنل افریقہ کے ہیڈ آف پروگرامنگ فائز ناصر صاحب، ایم ٹی اے انٹرنیشنل تنزانیہ سٹوڈیوز کے کوآرڈینیٹر آصف احمد بٹ صاحب، ایم ٹی اے انٹرنیشنل کینیا سٹوڈیوز کے کوآرڈینیٹر سمیر احمد شیخ صاحب اور ان کی ٹیم نیز نیشنل مجلس عاملہ کینیا کے ممبران اور دیگر احباب جماعت شامل ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

یہ سٹوڈیو احمدیہ مشن ہاؤس نیروبی کے احاطہ میں سابقہ رقیم پریس کی عمارت میں بنایا گیا ہے۔ گذشتہ سال اس عمارت کو ایم ٹی اے کےسٹوڈیوز کے لیے خاص طور پر رینوویٹ (renovate) کیا گیا تھا اور ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ہیڈ کوارٹرز لندن سے ایک ٹیم نے آکر اسے سیٹ کیا۔ اس کے بعد جدید ترین کیمرے و دیگر آلات کے ساتھ اسے اعلیٰ معیار پر تیار کیا گیا جس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ناظرین کے لیے تخلیقی و تحقیقی مواد مہیا کرنے کا ایک اَور ذریعہ دستیاب ہوا ہے۔ شیخ یوسف رشید اباٹ صاحب مبلغ سلسلہ کو اس سٹوڈیو کا انچارج مقرر کیا گیا ہے اور باقی سارا عملہ رضاکاران پر مشتمل ہے۔

مکرم امیر صاحب کینیا نے مہمانوں اور احباب جماعت کے ہمراہ فیتہ کاٹنے کےبعد دعا کروائی اور پھر سٹوڈیو کے کوآرڈینیٹر سمیر احمد شیخ صاحب نے مہمانان کو سٹوڈیو کے تمام حصص دکھائے اور ان کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بعدہٗ مسجد کے ہال میں ایک تقریب ہوئی جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد اردو اور سواحیلی میں نظمیں پیش کی گئیں۔ بعد ازاں ایم ٹی اے انٹرنیشنل افریقہ کے ہیڈ آف پروگرامنگ، ایم ٹی اے انٹرنیشنل تنزانیہ سٹوڈیو کے کوآرڈینیٹراور ایم ٹی اے انٹرنیشنل کینیا کے کوآرڈینیٹر نے تقاریر کیں۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی اور دعا کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سٹوڈیو کو اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے غیر معمولی خدمات کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button