حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان نے کینیڈا اور برطانیہ کے ہم منصبوں سے ملاقات کی ہے۔ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس ۲۰۲۴ءکے موقع پر جمعہ کو کینیڈا کی وزیرِ خارجہ میلانی جولی سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور بین الاقوامی امور میں تازہ ترین پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

٭…سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی مرتبہ ترکمانستان سے براہ راست آنے والی پرواز لینڈ کر گئی۔ پرواز ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے روانہ ہوئی تھی جس میں ۲۷۹؍مسافر سوار تھے جن کا لینڈنگ کے بعد جمعہ کو ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا گیا۔اشک آباد کے لیے بنائے گئے نئے روٹ پر پرواز ہفتے میں تین دن آپریٹ کرے گی جس کا مقصد اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا، تجارت میں اضافہ اور مسافروں کے لیے سفر کو آسان بنانا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ۲۰۲۳ء میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ۴۲.۷؍ملین سے زیادہ مسافر آئے جو کہ ایک نیا ریکارڈ تھا۔جبکہ ۲۰۲۲ء میں ۳۱.۴؍ملین مسافروں نے اس ایئرپورٹ کو استعمال کیا تھا۔

٭…امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ساڑھے ۳۵؍کروڑ ڈالرز جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ میڈیا کے مطابق نیویارک کی عدالت نے نیویارک سول فراڈ کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے بڑے بیٹوں اور ساتھیوں کو ۳۵۰؍ملین ڈالرز سے زائد جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جج آرتھر اینگورون نے اپنے فیصلے میں ٹرمپ اور دیگر دو ایگزیکٹوز کو نیویارک میں کسی بھی کارپوریشن یا ادارے کے افسر یا ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے سے تین سال کے لیے روک دیا۔

٭…روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ بچے پیدا کریں۔ صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روسی خاندانوں کو ملک کی نسلی بقا کی خاطر کم از کم دو بچے پیدا کرنے چاہئیں جبکہ ترقی کے لیے تین یا اس سے زیادہ۔روسی صدر کا ایک فیکٹری میں ملازمین سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر روس کے لوگ اپنی شناخت برقرار اور محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو فی خاندان کم سے کم دو بچے پیدا کریں۔ اگر ہر خاندان میں صرف ایک بچہ ہوگا تو آبادی کم ہو جائے گی، آبادی میں اضافے اور ترقی کے لیے آپ کو کم از کم تین بچوں کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ روس کی آبادی ایک اندازے کے تحت ۱۴۳.۴؍ملین ہے۔

٭… عالمی عدالتِ انصاف نے رفح کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی درخواست مسترد کر دی۔اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ عدالت نے کہا ہے کہ اسرائیل کو نسل کشی کے مقدمے میں نافذ کیے گئے پہلے اقدامات کا احترام کرنا چاہیے۔عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے غزہ میں نسل کشی رکوانے سے متعلق ہنگامی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔جنوبی افریقہ نے ۱۲؍فروری رفح آپریشن رکوانے کے لیے عالمی عدالت میں ہنگامی درخواست دائر کی تھی۔اس سے قبل عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے ۲۶؍جنوری کے فیصلے میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔آئی سی جےنے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے۔

٭…آرٹیفشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی کی مدد سے آثار قدیمہ کے ماہرین نے بیسویںصدی قبل کا نایاب اخبار کا تراشہ دریافت کرلیا۔آثار قدیمہ کے ماہرین کو یہ اخبار کا تراشہ وی سویس کے پہاڑی سلسلہ کے درمیان سے ملا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ قدیمی اخبار کا تراشہ کم وبیش دو ہزار سال قبل کا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اخبار کے تراشے پر رومن اور لاطینی زبان میں تحریر لکھی گئی ہے،اخباری تراشے کے مطابق قیاس کیا جارہاہے کہ اس اخباری تراشے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اہل روم اپنے عوام کو باخبر رکھنے کے لیے ایسی تحریروں کا سہارا لیتے تھے جسے اس وقت کا اخبار کہا جاسکتا ہے۔اخباری تراشے پر جو تحریر درج کی گئی اس کے ترجمے کے مطابق تحریر کنندہ کہہ رہا ہے کہ دوست آپ جمہوری معاشرے میں رہ رہے ہو ، ہمیں اسے سمجھنا ہو گا کیونکہ یہ بنیادی تصور لاطینیوں کی آباد کاری کا موجب ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button