حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

ایک مربی اور مبلغ سے باقاعدہ تہجد پڑھنے کی امید

ایک مربی اور مبلغ سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ باقاعدہ تہجد پڑھنے والا ہو۔ جیسا بھی وقت ہے، جیسے بھی حالات ہیںسوائے اشد مجبوری کے کوشش یہ ہو کہ عام طور پر تہجد پڑھیں۔ نوافل کی طرف توجہ ہو۔ نماز باجماعت کی انتہائی پابندی ہو۔

بعض دفعہ بعض جماعتیں یہ اعتراض کر دیتی ہیں کہ مربی صاحب نے مسجد نہیں کھولی۔ ہم نماز پڑھنے آئے تو مسجد بند تھی یا نماز سینٹر بند تھا۔ یہ اعتراض کبھی کسی مربی پر نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کسی جماعتی کام سے باہر نہیں گئے ہوئے تو جب بھی آپ وہاںموجود ہیں اپنا نماز سینٹر اور مسجد نماز کے لیے کھلی ہونی چاہیےیا کبھی یہ احساس نہ ہو۔ بعض دفعہ یہ بھی شکایت آ جاتی ہے کہ فجر کی نماز پہ مربی صاحب نہیں آئے گو ان کے عذر ہوتے ہیں کہ جی فلاں بیماری تھی یا فلاں وجہ تھی لیکن کبھی کبھار ایسا ہونا تو کوئی بات نہیں لیکن عادتاً ایسا ہو جانا پھر جماعت کے افراد پر بداثر ڈالتا ہے۔ہمیشہ یہ احساس رہنا چاہیے کہ دعاؤں اور عبادت کے بغیر ہم کچھ نہیں۔(ماخوذ از زریں ہدایات (برائے مبلغین) جلد اوّل صفحہ۸۰)اور ہمارے جو کام بھی ہیں وہ دعاؤں کے ذریعہ سے ہی ہونے ہیں اور یہی جماعتی ترقی کا ذریعہ ہے۔ یہی تربیت اور تبلیغ کا ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو جذب کیے بغیر ہم کچھ نہیں کر سکتے اور اللہ تعالیٰ کے فضل کو جذب کرنے کے لیے عبادت بہت ضروری ہے۔دعاؤں کی طرف توجہ بہت ضروری ہے۔ ذکر الٰہی بہت ضروری ہے۔ اس طرف سب کو توجہ رکھنی چاہیے۔

… ہمارے کام اپنی طرف سے جو وسائل میسر ہیں ان کو استعمال کر کے اور ہمارے پاس جو علم ہے اس کو استعمال کر کے اور ہمارے سے جو کوئی کوششیں ہو سکتی ہیں ان کو بروئے کار لا کر، اس کے بعد پھر دعا کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ کے آگے جھکتے ہوئے ان کے بہتر نتائج کی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے اگر اس طرح ہم مانگیں گے تو یقیناً ہمارے کاموں میں برکت پڑے گی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ہر کام میں برکت ڈالے۔ آپ کو میدان عمل میں بھی کامیابیاں عطا فرمائے۔ جہاں جہاں جس جس مربی کو لگایا گیا ہے اللہ تعالیٰ اس کو وہاں بہتر رنگ میں، احسن رنگ میں خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور آپ سب کو خلافت کا سلطانِ نصیر بنائے اور حقیقت میں آپ وہ بن جائیں جو اللہ تعالیٰ ایک واقفِ زندگی سے چاہتا ہے، جس کی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے خواہش کی اور جو ایک پاک نمونہ بن کر دنیا میں انقلاب پیدا کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔

(خطاب برموقع تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ برطانیہ ۲۰۲۳ء مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۴؍ نومبر۲۰۲۳ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button