متفرق مضامین

اِک عجب چھاؤں میں ہم بیٹھے رہے یار کے پاس (الاسلام ٹیم کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا مختصر احوال)

(قمر سلیمان۔ واقف زندگی، ڈائریکٹر سافٹ ویئر انجینئرنگ الاسلام ویب سائٹ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سےامسال بھی حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹ الاسلام کی ٹیم کو ۲۰تا ۲۶؍فروری ۲۰۲۴ء ایک ہفتہ اسلام آباد، یو کے میں گزارنے کا موقع عطا فرمایا۔ ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب چیئرمین الاسلام ویب سائٹ کی سربراہی میں بارہ ممبران پر مشتمل اس ٹیم کو سرائے نصرت اور طاہر گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرایا گیا۔

اپنے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں دوران قیام پنج وقتہ نمازوں کی ادائیگی ایک ایسا روحانی تجربہ تھا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔اسی طرح دوران قیام مسرور ہال سے حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے صد سالہ جلسہ سالانہ گھاناسے اختتامی خطاب میں ہماری موجودگی روحانی مسرت و ترقی اس پر مستزاد ہے۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے الاسلام ٹیم کو مورخہ ۲۴؍فروری کو اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود اسلام آباد کے ایم ٹی اے سٹوڈیوز میں ملاقات کا شرف عطا فرمایا۔ اپنے پیارے آقا کے حضور حاضر ہونے سے پہلے کا خوف کس طرح خوشی و انبساط میں تبدیل ہوتا ہے اس کا اندازہ وہی کر سکتے ہیں جنہیں اس مقدس وجود کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کا موقع میسر آیا ہو۔ تقریباً بچاس منٹ کی یہ ملاقات خوابناک ساعتوں کی طرح تھی۔

خلافت کے یہ عاجز خدام اپنی حقیر کاوشوں کو لے کر دربارِ خلافت میں حاضر ہوئے اور وہاں سے قبولیت کا شرف عطا ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

الاسلام ٹیم کے مختلف شعبوں نے گذشتہ ایک سال کے دوران ہونے والی پیشرفت کو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں پیش کیا۔ یہ پیشرفت الاسلام پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو استعمال کرتے ہوئے ایک نئی ویب سائٹ کے اجرا، قرآن مجید اور روحانی خزائن کے لیے ایک نئے سرچ انجن کی تیاری پر مشتمل ہے۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہر شعبے کا گہری نظر سے نہ صرف مشاہدہ فرمایا بلکہ ہر شعبہ کو مزید بہتری پیدا کرنے کے لیے بہترین اور انمول راہنمائی اور ہدایات بھی عطا فرمائیں۔ مزید برآں ملاقات کے آخر پر ڈاکٹر صاحب کی درخواست پر تحریراً دعا دی کہ اللہ تعالیٰ الاسلام ٹیم کے کام میں برکت عطا فرمائے۔ ماشاءاللہ نئی سے نئی ترقی کی منازل کی طرف قدم بڑھ رہا ہے۔ اسے جاری رکھیں۔ جزاک اللہ۔

حضورِ انور کی ذاتِ بابرکات میں اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور رحمتوں کے جلوہ گری کے مشاہدے اور آپ کے شفقت بھرے انداز نے ہمارے سینے خوشی و اطمینان سے بھر دیے۔

اللہ تعالیٰ ہماری ان عاجزانہ کاوشوں کو قبول فرما کر بہترین پھل لگائے اور ہمیں تا دمِ حیات خلافت کا حقیقی خادم بنائے رکھے۔ آمین ثم آمین۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button