ایشیا (رپورٹس)

مذہبی انتہا پسندوں کی طرف سے برموچ گوئی، ضلع کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں مزید دو احمدی قبروں کے کتبوں کی بے حرمتی

٭… ان میں ایک قبر شہیدِ پاکستان نائیک غلام شفیع صاحب سیاچن گلیشئر کی ہے

جماعت احمدیہ کے خلاف مذہبی انتہا پسند اپنی مذموم اور نفرت انگیز سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مورخہ ۱۲؍مارچ ۲۰۲۴ء کو پٹیاڑا، برموچ گوئی، ضلع کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں دو احمدی قبروں کے کتبوں کی بے حرمتی کرتے ہوئے مذہبی شدت پسندوں نے تباہ کردیا۔ یاد رہے کہ مذہبی دہشت گردوں نے کچھ دن پہلے مورخہ ۷ اور ۸ مارچ ۲۰۲۴ء کی درمیانی شب میں اسی احمدیہ قبرستان برموچ گوئی، ضلع کوٹلی، کی آٹھ قبروں کے کتبوں کو بےحرمتی کرکے توڑدیا تھا۔

یہاں قابل ذکر حقیقت یہ ہے کہ جن قبروں کی بے حرمتی کی گئی ان میں سے ایک نائیک غلام شفیع صاحب کی تھی جنہوں نے سیاچن گلیشئرز کی پاک سرزمین کے دفاع میں پاک فوج کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاتھا۔ یہ رویّہ قابل افسوس ہے کہ پاکستان کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والےشہید کے مزار سےبے حرمتی کا سلوک کیا جارہا ہے۔

کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں گذشتہ چند مہینوں میں احمدیہ مخالف سرگرمیوں نے زور پکڑا ہوا ہےجواس حقیقت کی عکاس ہیں کہ یہ حملے ایک منظم کوشش کے تحت کیے جارہےہیں۔ چونکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملے ہو رہے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ان انتہا پسندانہ سرگرمیوں کا کوئی خاتمہ نہیں ہو رہا۔ عامر محمود ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان نے کہا ہے کہ ہم ملک کے حکام سے اس معاملے پر فوری غور کرنے اور ان نفرت انگیز سرگرمیوں کو وقوع پذیر ہونے سے روکنے کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

(رپورٹ: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button