یورپ (رپورٹس)

برطانیہ کی ویلش پارلیمنٹ میں وائسز فار پیس پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کو شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ برطانیہ کے اشتراک سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام امن کو اُجاگرکرنے کے لیے ویلش اسمبلی میں مورخہ ۲۰؍ فروری بروز منگل شام چھ بجے ’’وائسز فار پِیس‘‘ کے نام سے ایک پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کی صدارت مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے نے کی۔ اس پروگرام میں ۳۰؍ممبران نیشنل اور مقامی عاملہ کے علاوہ۱۳؍ممبران پارلیمنٹ اور ۲۲؍ مہمان شامل ہوئے۔

تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد ایک مختصر ویڈیو فلم کے ذریعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ کے اقتباسات سے دنیا میں قیام امن کے لیے جماعت احمدیہ کی کاوشوں اور دنیا کے سربراہان کو امن کا پیغام دینے کی تفاصیل سے حاضرین کو آگاہ کیاگیا۔ وزیر انصاف ویلز اور چیف وِہپ محترمہ جین ہٹ ایم ایس نے اس پروگرام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے اسے منعقد کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ مکرم ابراہیم اخلف صاحب سیکرٹری تبلیغ یوکے نے فلسطین اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ میں معصوم انسانوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے قیام امن کی اہمیت کے بارے میں ذکر کیا۔مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے ’’حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بطور سفیرِ امن‘‘ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے دنیا میں امن کے قیام کے لیے حضور انور کی کاوشوں کی تفصیل بتائی۔ مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ یوکے نے اختتامی تقریر میں آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے سیاستدانوں کے مثبت کردار کی اہمیت کا ذکر کیااور تمام شاملین کا اس پروگرام میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں دعا سے یہ کامیاب تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس تقریب میں شامل ہونے والے تمام مہمانوں کو گفٹ بیگ دیے گئے جن میں چند تحائف کے علاوہ لٹریچر اور حضور انور کے خطبات جمعہ کے اقتباسات پر مشتمل لیف لیٹس بھی شامل تھے۔ بعد ازاں مہمانوں نے اپنے تاثرات میں پروگرام کے انعقاد پر جماعت احمدیہ کا شکریہ بھی ادا کیا اور فلسطین اور اسرائیل کے مابین جلد از جلد جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیااور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے باہم مل کر اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

(رپورٹ: ہبۃ المحسن عابد۔ نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button