حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۵؍اپریل ۲۰۲۴ءکے اختتام پررمضان کی برکات کے حصول، اسیران راہِ مولا کی رہائی نیز دنیا کے عمومی حالات کے پیش نظر جنگوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے دعاؤں کی تحریک فرمائی۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ کریںصفحہ اوّل۔

٭…غزہ کے علاقے دیر البلاح میں ورلڈ سینٹرل کچن کے عملے کے قافلے پر اسرائیلی فضائی حملے میں سات ارکان مارے گئے۔ امریکہ نے اس حملے پر برہمی کا اظہار اور مذمت کی ہے۔اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ شہریوں کو ضروری مدد پہنچانے کی کوشش کرنے والے امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے اسرائیل نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔اس جیسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمیں آئی ڈی ایف کے حملے کے بارے میں جان کر غصہ آیا جس میں ورلڈ سینٹرل کچن کے انسانی ہمدردی کے کارکن مارے گئے۔

٭…غزہ میں میزائل حملے میں امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں پر اسرائیلی صدر نے معافی مانگ لی۔ اسرائیل کے صدر آئیزیک ہرزوگ نے امریکی ادارے ورلڈ سینٹرل کچن کے سربراہ سے بات کرتے ہوئے واقعے پر گہرے غم کا اظہار کیا اور ان سے ان سات قیمتی جانوں کی بمباری سے ہلاکت پر معافی مانگی۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایک آزاد اور پیشہ ور ماہر ادارہ غزہ میں ورلڈ سینٹرل کچن کے غیرملکی امدادی کارکنوں کے قتل کی تحقیقات کرے گا۔

٭…امریکی مسلم تنظیموں اور راہنماؤںنے وائٹ ہاؤس افطار ڈنر کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔غزہ تنازع پر امریکی پالیسی کے خلاف امریکی مسلم راہنماؤں نے احتجاج کیا۔متعدد اسلامی تنظیموں نے وائٹ ہاؤس کے باہر افطار تقریب کے اہتمام کا اعلان کیا تھا۔

٭…ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کے حوالے سے سخت ردعمل اور موقف کا اظہار کردیا۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں سات ایرانی فوجی افسروں کے مارے جانے کے واقعے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدلہ لینے کا وعدہ کیا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کا پیغام ویب سائٹ پر بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اس واقعے پر اسرائیل کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو ہمارے بہادر لوگوں کے ہاتھوں سزا دی جائے گی۔ ہم انہیں اس جرم اور دوسرے جرائم پر پچھتاوا کرائیں گے۔

٭…یوکرین کے شہر خارکیف پر روسی ڈرون حملے میں چھ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔یوکرینی فوج کے مطابق فضائی دفاع نے ۳۲؍روسی ڈرونز میں سے ۲۸؍مار گرائے۔ متعدد عمارتوں اور اپارٹمنٹس پر ڈرون حملے کیے گئے، روسی سرحد کے قریب ترین اور بڑے شہر خارکیف پر حالیہ ہفتوں کے دوران حملوں میں شدت آئی ہے۔ یوکرینی حکام نے آئندہ بھی خارکیف شہر پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

٭…تائیوان میں ۷.۷؍شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں گر گئیں۔ زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے ہوالین کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی ۱۵.۵؍کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ تائیوان میں زلزلے سےتیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ۷۷؍افراد ملبے تلے دبے ہیں۔ دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ زلزلے کے بعد جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کیا گیا تاہم بعد میں تائیوان میں جاری کی گئی تمام سونامی وارننگز واپس لے لی گئیں۔خبر ایجنسی کے مطابق پچیس سال بعد تائیوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے۔تائیوان میں ۱۹۹۹ء میں آئے ۷.۶؍شدت کے زلزلے میں چوبیس سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

٭…فرانس کے سو سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے صدر ایمانویل میکرون سے اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنے پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ فرانسیسی پارلیمنٹ کے ۱۱۵؍ ارکان نے صدر ایمانویل میکرون کو خط لکھ دیا، جس میں اسرائیل کو ہتھیار بیچنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارلیمانی مراسلے میں کہا گیا کہ فرانس کو اسرائیل کی جاری بدترین نسل کشی میں شریک نہیں بننا چاہیے، غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملوں کے باعث شہادتیں ۳۳؍ہزار سے تجاوز کرگئیں۔اراکین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسرائیل کو فراہم کردہ ہتھیاروں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کرے۔

٭…امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چین اس سال مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے امریکہ، جنوبی کوریا اور بھارت کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔مائیکروسافٹ کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کے صدارتی انتخابات میں ناکامی کے بعد اب چین مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے امریکہ، جنوبی کوریا اور بھارت کے انتخابات میں خلل ڈالے گا۔امریکی ٹیکنالوجی فرم نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ توقع ہے کہ چین کے حمایت یافتہ سائبر گروپ ۲۰۲۴ء میں اہم ممالک کے انتخابات کو نشانہ بنائیں گے جس میں شمالی کوریا بھی شامل ہے۔مائیکرو سافٹ کے مطابق چین نے جنوری میں تائیوان کے صدارتی انتخابات میں AI سے تیار کردہ غلط معلومات پر مبنی مہم کی کوشش کی تھی، یہ پہلا موقع ہے جب چین نے اپنے ایک ادارے کو غیر ملکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے AI سے مواد تیار کرنے کو کہا تھا۔یاد رہے کہ دوسری جانب اے آئی سے تیار کردہ ٹی وی نیوز اینکرز کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button