یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گلاسگو نارتھ کے زیر اہتمام افطار پروگرام

(ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گلاسگو)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گلاسگو نارتھ کو مورخہ ۳۱؍مارچ۲۰۲۴ء بروز اتوار بِگ افطار کے نام سے ایک کامیاب تبلیغی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ۷۰؍سے زائد غیر مسلم افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی جماعت گلاسگو کے سیکرٹری امور خارجہ احمد اووسو کوناڈو صاحب نے کی۔

تقریب کا آغاز زائرین کے لیے رمضان کے تعلق سے ایک شاندار نمائش سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کی تواضع مشروبات سے کی گئی۔ پروگرام کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ رانا مبشر احمد صاحب صدر جماعت نے چند استقبالیہ کلمات کہے جس کے بعد جماعت احمدیہ عالمگیر کے تعارف، بچوں کا رمضان اور رمضان ڈائری پر مشتمل مختصر ویڈیوز کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا گیا جسے مہمانوں نے گہری دلچسپی کے ساتھ دیکھا۔ بعد ازاں مہمان مقررین کو اظہار خیال کا موقع پیش کیا گیا جس کے بعد فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ جماعت گلاسگو نے کلیدی تقریر کی۔ آپ نے اسلام میں رمضان کی تاریخ، روزہ کے روحانی فوائد اور روزہ اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ستون ہونے کی روشنی میں رمضان کی اہمیت بیان کی۔ آخر پر مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے گئے۔

تقریب کا اختتام دعا، افطار اورمغرب کی اذان کے ساتھ ہوا۔ اذان کا رواں انگریزی ترجمہ اور نماز مغرب کی ادائیگی کو ٹی وی پر دکھایا گیا۔ اس دوران مہمانوں کو کھجور اور پانی پیش کیا گیا تاکہ وہ محسوس کر سکیں کہ مسلمان اپنا روزہ کیسے افطار کرتے ہیں۔ بعد اس کے مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس دوران ممبران جماعت اور مہمانوں کا آپس میں گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔

تقریب کے بعد بہت سے مہمانوں نے سوشل میڈیا پر اس افطار پروگرام کی فوٹوز کے ساتھ تشہیر کی اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ موقع فراہم کیا۔ مزید برآں میڈیا ٹیم نے بہت سے مہمانوں کے ویڈیو انٹرویوز ریکارڈ کیے جو ایم ٹی اے کی رپورٹ میں شامل کیے جائیں گے۔ ان شاءاللہ

(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button