افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا میں تجارتی و ثقافتی میلے کے موقع پر جماعتی سٹال پر قرآن کریم اور دیگر کتب کی نمائش

گیمبیا میں ہر سال مقامی اور بین الاقوامی کاروبار کی مصنوعات کی نمائش کے علاوہ کاروباری اداروں کے لیے کاروبارکے مواقع کو بڑھانے اور نجی شعبوںمیں ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے تجارتی میلے (Trade Fair) کا اہتمام کیا جاتا ہےجس میں مختلف ممالک سے لوگ شرکت کرتے ہیں۔ امسال بھی گیمبیا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے زیر اہتمام اس بین الاقوامی میلے کے ۱۷ویں ایڈیشن کا مورخہ ۱۰؍فروری تا ۱۰؍مارچ۲۰۲۴ء انعقاد کیا گیا جس میں افریقہ،یورپ اور ایشیا سے تعلق رکھنے والی بہت سی تنظیمیں شامل تھیں۔ گیمبیا کےنائب صدر مملکت نےبھی اس ٹریڈ فیئر کا دورہ کیا۔

محمد اکمل صاحب ایریا مشنری بانجل کومبو تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو امسال بھی اس بین الاقوامی پروگرام میں قرآن پاک اور دیگر جماعتی کتب کی ایک خوبصورت اور پرکشش نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

یہ نمائش ہفتہ ۱۰؍فروری تا اتوار ۱۰؍مارچ ۲۰۲۴ء تقریباً ایک ماہ تک جاری رہی اور اس نمائش میں خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعتی طور پر ۷۰؍سے زائد زبانوں میں شائع شدہ قرآن کریم کے تراجم، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام، کتب خلفائے سلسلہ، کتب اصحابؓ حضرت مسیح موعودؑ، قاعدہ یسر نا القرآن، جماعتی رسالہ جات و دیگر جماعتی کتب رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ گیمبیا میں جماعت احمدیہ کے آغاز اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کے دورہ گیمبیا کے دوران اور دیگر مواقع پر لی گئی بعض نادر اور قدیم تصاویر کو بھی آویزاں کیا گیا۔

پورے ٹریڈ فیئر میں لگنے والے ۶۰۰؍سٹالز میں سےاپنی نوعیت کا یہ واحددینی سٹال تھا۔الحمدللہ

مکرم بابا ایف تراولے (Baba F. Trawally) صاحب امیر جماعت گیمبیا نے بھی جماعتی وفد کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ جماعت احمدیہ کے ریڈیو چینل لائٹ ایف ایم نے مکرم امیر صاحب کا انٹرویو بھی کیا جس کو بعد میں نشر کیا گیا۔ اس طرح جماعت احمدیہ کا پیغام ہزاروں افراد تک پہنچا۔ اسی طرح ایم ٹی اے گیمبیا نے بھی اس دورہ کو ریکارڈ کیا۔ دورہ کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی اور حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔

بہت سے غیر ملکی معززین کے علاوہ ہزاروں مقامی افراد نے اس نمائش کا دورہ کیا اور جماعت کی قرآن کریم کے لیے خدمات کو خصوصاً اور دیگر خدمات کو بھی سراہا۔ ایک بڑی تعداد نے قرآن کریم، قاعدہ یسرنا القرآن اور دیگر جماعتی کتب خریدیں۔ سٹال پر موجود مربیان کرام نے بہت سے لوگوں کو جماعت کا تعارف بھی کروایا اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً بارہ ہزار افراد نے جماعتی سٹال کا دورہ کیا اور مربیان کرام کے ذریعہ سینکڑوں افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جملہ منتظمین کو اجر عظیم سے نوازے اور نمائش کے دُوررس نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد ظہیر احمد۔ مربی سلسلہ گیمبیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button