متفرق شعراء

سڈنی، آسٹریلیا میں ڈیوٹی کے دوران دوسروں کی جان بچانے والے فراز احمد طاہر (مرحوم )کے نام

(ڈاکٹر طارق انور باجوہ۔ لندن)

طاہر ہے فخر تجھ پہ، شہادت پہ تیری ناز
جاں تُو نے دی ہے فرض نبھاتے ہوئے فراز

لکھنے کو تیرے بارے میں اُٹھا ہے جب قلم
جانا ہے تیرے بارے میں تو، دل ہوا گُداز

اب تیری دوستی سے وہ محروم ہو گئے
محمود اب حزیں ہیں کہ، رخصت ہوا ایاز

تُو تو جہاں جہاں رہا، دل جیتتا رہا
یہ تو بتا کہ کیا تھا، محبّت کا تیری راز

سڈنی سے پہلے جب تھا سری لنکا میں مقیم
احسان کا تھا سلسلہ، سب پر ترا دراز

سب کے لیے وقارِ عمل پر ترا یقیں
تیری نیازمندی پہ حیراں ہے خود نیاز

جانیں گے اِس حوالے سے بھی تُجھ کو لوگ اب
تاریخ میں بہادری کا اک رقَم طراز

رب کی رضا عزیز ہے، جو سب سے پیاری ذات
شکوے کا اس کے سامنے کچھ بھی نہیں جواز

راضی خدا ہو تجھ سے، کرے جنّتیں عطا
نکلی ہے دل سے یہ دعا، پڑھتے ہوئے نماز

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button