حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی اخبار کے مطابق امریکہ نے قطر کو کہا ہے کہ حماس جنگ بندی مسترد کرتا ہے تو اسے ملک بدر کردیا جائے۔امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے یہ پیغام قطری وزیراعظم کو پہنچایا۔امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹونی بلنکن نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کےلیے مذاکرات کی طوالت پر امریکی بے صبری کا پیغام پہنچا دیا ہے۔امریکی اخبار کے مطابق تین بااثر امریکی عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے قطر کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ اگر حماس معاہدے پر راضی نہیں ہوتا تو قطر میں اس کا سیاسی آفس بند کر کے انہیں ملک بدر کردیں۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق قطری حکام نے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سمیت حماس کے عہدیداروں کو اپنے لیے متبادل انتظامات کےلیے تیار رہنے کا مشورہ دےدیا ہے۔

٭…امریکی رکن کانگریس کین کالورٹ نے خلائی جنگ کی تیاری کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور چین سے نمٹنے کے لیے امریکی فوج چاند پر اڈے قائم کرے گی۔ ممکن ہے اس دہائی کے اختتام تک امریکہ چاند پر فوجی اڈہ قائم کرلے گا۔ خدشہ ہے چین چاند کی سطح پر اپنی فوج تعینات کرے گا یا روس زمین کے مدار میں کئی ٹن وزنی بم رکھ دے گا۔

٭…کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس کے الزام میں گرفتاریاں کی گئی ہیں۔کینیڈین پولیس کے مطابق ہٹ سکواڈ کو قتل کی ہدایت بھارتی حکومت نے دی تھی۔ گرفتار تین بھارتیوں کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ اسی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ ۲۲؍سالہ کرن برار، ۲۲؍سالہ کمل پریت سنگھ اور ۲۸؍سالہ کرن پریت سنگھ کئی سالوں سے صوبہ البرٹا میں رہ رہے تھے۔ یاد رہے کہ ملزمان پر فرسٹ ڈگری قتل اور سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ہردیپ سنگھ نجر کو گذشتہ سال جون میں گرونانک گوردوارے کے دروازے پر قتل کر دیا گیا تھا۔

٭…امریکی صدر نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ چین، جاپان، روس اور بھارت معاشی طور پر بہتر نہیں ہیں، یہ ممالک تارکین وطن کو پسند نہیں کرتے۔ امریکی معیشت کے بڑھنے کی ایک بڑی وجہ تارکین وطن ہیں کیونکہ ہم تارکین وطن کو خوش آمدید کہتے ہیں۔امریکی صدر نے ان ممالک کے لیے لفظ xenophobicکا استعمال کیا تھا۔زینو فوبیا لفظ کا مطلب ہے دوسری ثقافت یا ممالک کے لوگوں سے خوف کھانا یا نفرت کرنا۔ یہ اکثر ان لوگوں کو نہ سمجھنے یا ان سے ناواقف ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔یہ خوف ان انجان لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک یا دشمنی کا باعث بن سکتا ہے۔ زینو فوبیا لوگوں کو تقسیم اور آپس میں ملنے سے روکنے کا سبب بن سکتا ہے۔

٭…سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ بدھ کو سمندر کے راستے سات سو سے زائد تارکین وطن برطانیہ پہنچے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں ہوم آفس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چودہ کشتیوں کے ذریعے ۷۱۱؍افراد برطانیہ آئے، ایک کشتی پر اوسطاً ۵۱؍افراد سوار تھے۔ رواں برس براستہ سمندر غیرقانونی طور پر برطانیہ آنے والے افراد کی تعدادآٹھ ہزار ۲۷۸؍تک جاپہنچی۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس سمندر کے راستے ۲۹؍ہزار ۴۳۷؍افراد برطانیہ آئے تھے۔ سیفٹی روانڈا بل کے بعد ۳۲؍کشتیوں پرایک ہزار ۶۱۱؍ افراد برطانیہ آچکے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button