افریقہ (رپورٹس)

کونگو کنشاسا کے ریجن Mbanza-Ngungu کا تیرہواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن بانزاگونگو (Mbanza-Ngungu)کا تیرہواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۳و۲۴؍فروری۲۰۲۴ء بروز جمعہ و ہفتہ منعقد ہوا۔ چھوٹے بڑے شہروں سمیت بہت زیادہ دیہات سے احمدی احباب کچے راستوں پر لمبے سفروں کی تمام تر مشکلات طے کرکے جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے بہت جوش وخروش سے پہنچے۔اسی طرح نیشنل ہیڈ کوارٹر کنشاسا سے مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت ومشنری انچارج بعض جماعتی عہدےداران کے ساتھ تشریف لائے۔

پہلا دن

مورخہ ۲۳؍فروری بروز جمعہ جلسہ کےپہلے دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ دوپہر ایک بج کر دس منٹ پر نماز جمعہ سے قبل پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ ابو بکر Mpeloصاحب صدر جماعت احمدیہ بانزا گونگو نے کونگو کنشاسا کا پرچم فضا میں بلند کیااور دعا کروائی۔

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد جلسہ گاہ میں تمام شاملین نے مکرم امیر صاحب کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ بعد ازاں خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایم ٹی اے پر لائیو ملاحظہ کیا۔

جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا آغاز دوپہر تین بجے عبدالصالح مدیس صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت کونگو کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ صدر اجلاس کی افتتاحی تقریر کے بعد ان موضوعات پر تین تقاریر ہوئیں: ’’جلسہ سالانہ کے مقاصد‘‘ از صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ، ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ از نوید احمد صاحب مربی سلسلہ اور ’’نماز باجماعت کی اہمیت اور بحیثیت احمدی ہماری ذمہ داریاں‘‘ از احمد بوبا صاحب معلم سلسلہ۔ دعا کے ساتھ شام پانچ بجے جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن

مورخہ ۲۴؍فروری بروز ہفتہ اجتماعی نماز تہجد، فجر اور درس کے بعد صبح گیارہ بجے جلسے کی کارروائی کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف‘‘ از راشد کیفاتا صاحب معلم سلسلہ، ’’آنحضرتﷺ انسانیت کے لیے ایک رحمت‘‘ از ابو بکر صاحب صدر جماعت بانزا گونگو، ’’حضرت عیسیٰؑ کی زندگی‘‘ از جعفر ندوکتے صاحب مبلغ سلسلہ اور ’’اسلام میں رواداری اور اسلامی جہاد کا صحیح مفہوم‘‘ از احمد بوبا صاحب معلم سلسلہ۔

جلسہ کی آخری تقریر میں مکرم امیر صاحب نے انسانیت سے متعلق اسلامی تعلیمات اور احکامات کے بارے میں روشنی ڈالی اور جلسہ میں شامل ہونے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شاملین جلسہ کے ساتھ ایک سوال وجواب کی نشست بھی منعقد کی گئی۔دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کی تمام تر کارروائی کے دوران باربار فضا نعرہ ہائے تکبیر سے گونجتی رہی۔ اختتامی دعا کے بعد احباب نے اپنے مخصوص انداز میں اونچی آواز میں کلمہ طیبہ پڑھا۔ جلسہ کے آخر میں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

جلسہ کے دوسرے دن غیر احمدی مہمانوں کی بھی ایک بڑی تعداد بڑے جوش و خروش سے شرکت کے لیے آئی تھی۔ اسی طرح علاقہ کے اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی شامل ہوئے جن میں چیف آف ڈویژن، امیگریشن کے افسران اورکرنلز کے علاوہ دیگر مقامی اٹھارٹیز اور میڈیا کے بھی نمائندگان شامل تھے۔ جلسہ سالانہ کی رپورٹ تین ریڈیو اور ایک ٹی وی چینل پر نشر ہوئی۔ مقامی ٹی وی سٹیشن کے نمائندہ نے جلسہ سالانہ کے موقع پر امیر صاحب کا انٹرویو بھی لیا جس سے اسلام احمدیت کا پیغام بفضل خدا اندازاً ۳۰؍ہزار لوگوں تک پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کُل حاضری ۶۴۵؍تھی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان مساعی کو جماعت کے لیے ہمیشہ باثمر بناتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ:شاهد محمود خان۔ مبلغ سلسلہ کانگو کنشاسا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button