افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس انصاراللہ نائیجر کے نیشنل سالانہ اجتماعات ۲۰۲۴ء

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ نائیجر کو اپنے نیشنل اجتماعات مورخہ ۲۶و۲۷؍اپریل بروز جمعۃالمبارک و ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کے انعقاد کے لیے نائیجر جماعت کے جلسہ سالانہ کی زمین کا انتخاب کیا گیا جس کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ’’محمدآباد‘‘ کا نام دیا گیا۔ محمدآباد نائیجر کے دوسرے بڑے شہر مارادی سے ۵۰؍کلو میٹر کے فاصلہ پر ریجن مارادی کے ڈیپارٹمنٹ گڈاں رومجی میں واقع ہے۔

اجتماعات کے لیے نظامتوں کی تشکیل کے بعد تمام شعبوں نے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا اور اجتماع گاہ کی تیاری کے لیے گڈاں رومجی کے مبلغ سلسلہ حافظ عامر لطیف صاحب اور مدرسہ احمدیہ کے طلبہ اور دیگر خدام نے وقارِ عمل کیے اور تمام اجتماع گاہ کو قبل از وقت تیا ر کر لیا گیا۔ اسی دوران دیگر شعبہ جات کے ناظمین و کارکنان نے بھی اپنی طرف سے تیاریاں جاری رکھیں۔ نائیجر کی جماعتوں میں اجتماعات کے حوالے سے اطلاعات بہم پہنچائی جاتی رہیں اور علمی مقابلہ جات کا نصاب بھی ہر جماعت کے انصار و خدام تک پہنچا دیا گیا جس کی تیاری خدام و انصار مستقل کرتے رہے۔

ملک کے طول و عرض سے خدام و انصار کے قافلے لمبی مسافتیں طے کر کے جمعرات کی شام تک محمدآباد آگئےتھے جبکہ قریب کے ریجنز سے احباب جمعۃ المبارک کے روز بھی آتے رہے۔ جمعۃالمبارک کے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس بعنوان ’’نظام خلافت‘‘ سے ہوا۔

تقریبِ افتتاح:افتتاحی تقریب کے اجلاس کی کارروائی مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت نائیجر کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد مجلس خدام الاحمدیہ اور عہد مجلس انصاراللہ سے شروع ہوئی۔ بعد ازاں یوسف ایرو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ’’علم کی اہمیت‘‘ اور مامن بیلو صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے ’’تربیت اولاد‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ اجتماعات خدام الاحمدیہ و انصار اللہ کی افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

افتتاحی تقریب کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس انصاراللہ کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا علیحدہ علیحدہ آغاز ہوا جن میں مختلف ریجنز کے خدام و انصار نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ علمی مقابلہ جات میں حسن قراءت، حفظ قرآن، اذان، حفظ قصیدہ، سوال و جواب وغیرہ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال،رسہ کشی،سو میٹر دوڑ،لانگ جمپ،تین ٹانگ دوڑ وغیرہ شامل تھے۔

نمازِ جمعہ سے قبل تمام خدام و انصار نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست بذریعہ ایم ٹی اے سُنا اور نماز جمعہ مکرم امیر صاحب کی امامت میں ادا کی گئی۔ خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ کو براہِ راست سننے اور اس دوران کوئی اور کام نہ کرنے کی اہمیت و ضرورت کے حوالے سے قرآن و حدیث کی روشنی میں توجہ دلائی۔ دوپہر کے کھانے کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات رات گئے تک جاری رہے۔

مورخہ ۲۷؍اپریل بروز ہفتہ آغاز نماز تہجد، فجر اور درس بعنوان ’’سچائی کی اہمیت‘‘ سے ہوا۔ بعد ازاں بعض ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

اختتامی اجلاس: ہفتہ کی صبح علمی و ورزشی مقابلہ جات کے فائنل مقابلوں کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس انصار اللہ کے صدران نے اپنی اپنی مجالس کی رپورٹس پیش کیں۔ تمام مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام و انصار کو انعامات سے نوازا گیا۔ بعد ازاں مکر م امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا اور نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔کھانے کے بعد قافلوں نے اپنی اپنی منزل کی جانب واپسی کے سفر کا آغاز کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر دو اجتماعات میں کُل ۸۴۴؍خدام و انصار نے شرکت کی جن میں سے اکثر نے کسی نہ کسی علمی یا ورزشی مقابلہ میں ذوق و شوق سےحصہ لیا اور اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اپنے فضل سے اجر عطا کرے اور تمام کارکنان و ناظمین جنہوں نے ان اجتماعات کے کامیاب انعقاد کے لیے محنت اور دعائیں کیں اُن کو اللہ اپنی جناب سے جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button