حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سوشل میڈیا ایپ فیس بک نے بنگلہ دیش کی حکمران جماعت کے اکاؤنٹ ختم کر دیے۔ عوامی لیگ کے متعدد اکاؤنٹس اور پیجز فیس بک سے ہٹا دیے گئے ہیں۔کمپنی نے اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹس اور پیجز کو مربوط غیر مستند رویے، بشمول اپوزیشن پر تنقید کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔ فیس بک نے پالیسی کی خلاف ورزی پر عوامی لیگ کے ۵۰؍اکاؤنٹس اور ۹۸؍پیجز ہٹائے۔ ان اکاؤنٹس سے انتخابات سے متعلق اور اپوزیشن پر تنقیدی رپورٹس پوسٹ کی گئی تھیں۔ بنگلہ دیش میں جنوری میں ہونے والے انتخابات میں عوامی لیگ اتحاد نے فتح حاصل کی تھی۔ بنگلہ دیش کے عام انتخابات کا اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔ انتخابات میں فتح کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے چوتھی بار وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا۔

٭…یورپی یونین نے اقوام متحدہ کے فلسطینیوں کے لیے کام کرنے والے خصوصی ادارے انروا (UNRWA) کے خلاف دہشت گردی کے کسی بھی الزام کو مسترد کرتے ہوئے ادارے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کی یو این ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارانی سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا گیا۔ یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ فلپ لازارانی کے پاس غزہ کی صورتحال کو بیان کرنے کے لیے مزید الفاظ نہیں تھے۔ دن بدن، موت جنازے کے جلوس کی پیروی کرتی ہے۔ لوگ نہ صرف اپنی جانیں کھو رہے ہیں بلکہ امید اور سماجی تانے بانے تباہ ہو رہے ہیں۔ ہمیں ایک ایسے سانحے کو ختم کرنا چاہیے جو ہمارے ضمیر اور انسانیت کو ٹھیس پہنچائے ۔

٭…سعودی عرب کے مغربی ساحلی شہر جدہ کے قریب الفیصلیہ میں عمارت گرگئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ہے۔ مقامی شہری دفاع کی ٹیموں نے ۲؍افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا۔ عمارت گرنے سے ملبے میں دبے ہوئے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

٭…حماس کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل غزہ میں جنگ بند نہیں کرتا تب تک مذاکرات میں شامل نہیں ہوںگے۔ حماس نے ثالثوں سے کہا ہے کہ جب تک غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری رہے گی تب تک وہ مزید بالواسطہ مذاکرات میں حصہ نہیں لے گا۔ اگر اسرائیل غزہ میں جاری جنگ بند کرتا ہے تو وہ یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مکمل معاہدے کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ قطر، مصر اور امریکہ کی سربراہی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی کےلیے مذاکرات مسلسل تعطل کا شکار رہے ہیں۔

٭…نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ایئرپورٹ پر طیارے کے انجن میں گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ حادثے کے وقت طیارے میں مسافر موجود تھے اور طیارے کا انجن آن تھا اور یہ فلائٹ ڈنمارک جانے کے لیے تیار تھی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مرنے والا شخص مسافر تھا یا کوئی ملازم۔ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوفناک قرار دیا گیا ہے۔

٭…پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی مجاہد کالونی میں ہفتے کے دن دو مسیحی افراد کے گھروں کے باہر قرآن کے نذر آتش کردہ کچھ صفحات ملے تھے، جس کے بعد مقامی مسلم آبادی نے ان مسیحیوں پر ’توہین مذہب‘ کا الزام عائد کر دیا۔ مشتعل ہجوم نے مقامی مسیحی کمیونٹی کے گھروں میں گھسنے کی کوشش کی جبکہ قریب ہی واقع جوتے بنانے کی ایک فیکٹری کو نذر آتش کر دیا، جس کی وجہ سے فیکٹری اور اس سے ملحق گھروں کو آتشزدگی سے شدید نقصان پہنچا۔

مبینہ توہین مذہب کے واقعے میں مشتعل افراد کی جانب سے ایک شخص پر تشدد کے معاملے میں درجنوں خواتین سمیت ۵۰۰؍نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔اشتعال انگیزی پھیلانے پر ۴۰؍سے زائد نامعلوم خواتین کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں جبکہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، گھر اور کارخانے کو جلانے کے الزام میں ۲۸؍ افراد گرفتار ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی پاکستان کے مشرقی شہر جڑانوالہ میں ایسا ہی ایک واقعہ رونما ہوا تھا، جس میں دو مسیحیوں پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کے مشتعل ہجوم نے متعدد گرجا گھروں اور مسیحیوں کے درجنوں گھروں کو نذر آتش کر دیا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button