متفرق

ربوہ کا موسم (۳۱؍ مئی تا ۶؍جون ۲۰۲۴ء)

۳۱؍مئی جمعۃ المبارک کی صبح ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو بعد میں لو کی شکل اختیار کر گئی۔ گذشتہ دنوں میں ٹمپریچر ۴۹ درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ جمعہ کو دوڈگری کم ہو گیا لیکن پھر بھی گرمی کی شدت میں کمی نہیں آئی۔ ہفتہ یکم جون کو بھی تقریباً موسم گرم خشک ہی تھا۔ دن کو دھوپ میں خوب تپش تھی جس کی وجہ سے گھر سے باہر نکلنا محال ہو گیا۔ اتوار کو دن بھر لو چلتی رہی اور ٹمپریچر ایک ڈگری مزید کم ہو گیا اور گرمی کا زور نیچے آگیا۔ سوموار کو دن بھر سورج اپنی پوری آب و تاب سے چمکتا رہا، عصر کے وقت مغرب کے افق پر آندھی کے آثار نمودار ہوئے اور کچھ دیر بعد ہی خوب تیز آندھی آئی اور ربوہ کا پرانا روایتی موسم یاد آگیا جب تیز آندھیاں چلا کرتی تھیں۔ اس مرتبہ جون کے آغاز میں ہی آندھیوں کا موسم شروع ہو گیا۔ دو گھنٹے تک چلنے والی اس آندھی نے گھروں کے اندر ہر چیز پر مٹی کی تہ بٹھادی۔ رات ٹھنڈی ہو گئی، ہلکی ٹھنڈی ہوا رات بھر چلتی رہی۔ منگل کو گذشتہ دن کی نسبت دو ڈگری ٹمپریچر کم تھا۔ صبح کے وقت ٹھنڈی ہوا اور دو پہر کے وقت لو چلتی رہی۔ تاہم شام کو ہوا کا درجہ حرارت قدرے معتدل ہو گیا اور اس میں تیزی بھی آگئی۔ عصر کے بعد آسمان پر ہلکے بادلوں کی تہ چھا گئی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۲ اور کم سے کم ۲۹ تھا۔ بدھ کو ہلکی ہوا چلتی رہی اور شام کے وقت کچھ دیر کے لیے بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ رات بھر تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ جمعرات کو موسم گرم خشک تھا۔ لیکن صبح کی ہوا نے موسم اچھا بنادیا۔ دوپہر کو یہ ہوا لو میں بدل گئی۔ گذشتہ دنوں میں آنے والی گرمی کی لہر اب کم ہو گئی ہے اور مون سون کی بارشوں کی آمد آمد ہے۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button