ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۴ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ: سُپراَیٹ راؤنڈ میں جنوبی افریقہ کی امریکاکےخلاف 18رنزسے کامیابی

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء

میچ نمبر: 41   (گروپ 2۔سُپراَیٹ)

جنوبی افریقہ بمقابلہ امریکا

(USA vs South Africa)

نارتھ ساؤنڈ،انٹیگا

19جون 2024ء

ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر اَیٹ مرحلہ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم کے کوئنٹن ڈی کوک(Quinton de Kock) 74رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

نارتھ ساؤنڈ کےسر وِیویَن رچرڈز اسٹیڈیم میں یوایس اے نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بلےبازی کی دعوت دی۔بائیں ہاتھ کے بھارتی نژادتیزگیندبازسورابھ نتراوالکر(Saurabh Netravalkar)نے 16کے مجموعی اسکورپر ریزاہینڈریکس (Reeza Hendricks)کی وکٹ حاصل کی۔اس کے بعدکوئنٹن ڈی کوک اورکپتان ایڈن مارکرم(Aiden Markram)نے شاندارکھیل پیش کیا اور تیرھویں اوورمیں ٹیم کا اسکور126تک پہنچادیا۔De Kockنے صرف 40 گیندیں کھیل کر74رنزبنائے جس میں سات چوکے اورپانچ چھکے شامل تھے۔De Kockاور ڈیوڈملر(David Miller)یکے بعددیگرے اسپنر ہرمیت سنگھ(Harmeet Singh)کاشکاربنے۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کے آخری پانچ اوورزمیں 53رنزکااضافہ کیا۔ہینرک کلاسن(Heinrich Klaasen) نے36 اور ٹرسٹن اسٹبز (Tristan Stubbs) نے 20رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔یوں جنوبی افریقہ نے مقررہ 20اوورزمیں چاروکٹوں کے نقصان پر194رنزبنائے۔

 195رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوایس اے کے ابتدائی پانچ بلے باز76کے اسکورپرپویلین واپس لوٹ چکے تھے۔چھٹی وکٹ کی شراکت میں اینڈریز گوس(Andries Gous)اور ہرمیت سنگھ (Harmeet Singh)نے 91رنزکااضافہ کرکے اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی کی۔تاہم امریکی ٹیم مقررہ اوورزمیں 6 وکٹوں پر 176 رنز بناسکی۔

اینڈریز گوس(Andries Gous) کی ناقابل شکست 80 رنزکی اننگز بھی رائیگاں گئی۔ہرمیت سنگھ 38،اسٹیون ٹیلر 24اور کوری اینڈرسن 12 رنزبنانےمیں کامیاب ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کاگیسو ربادا(Kagiso Rabada) سب سے کامیاب باؤلر رہے،انہوں نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔جبکہ کیشو مہاراج،آنرخ نوکیا اور تبریز شمسی نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

سپرایٹ مرحلے میں 21جون کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ انگلینڈکے ساتھ Gros Islet،سینٹ لوشیا میں ہوگا جبکہ برج ٹاؤن باربیڈوس میں یوایس اے کوویسٹ انڈیزکا امتحان درپیش ہوگا۔

 (رپورٹ:ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button